فیصل آباد (ملت+آئی این پی)جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ ہندوستانی سفارتکاروں کا دہشت گردی میں ملوث ہونا مودی سرکار کے عزائم کو ظاہر کرتا ہے ،پاکستان میں بھارتی سفارتکاروں کا جاسوسی جیسے سنگین جرم میں ملوث ہونا عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے ،کشمیریوں کی تحریک آزادی سے بوکھلا کر بھارتی ایجنسیاں مقبوضہ کشمیر میں سکولوں کو آگ لگا رہی ہیں ،کشمیریوں کی آزادی سے حواس باختہ ہوکر کشمیر میں بھارت تعلیمی اداروں کو جلا رہاہے جس سے کشمیریوں کا تعلیمی مستقبل تاریک ہونے کا خدشہ ہے، سرزمین حرمین شریفین پرحملہ کرنیوالوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں،حوثی باغیوں کی پشت پناہی کرنے والے دشمنان اسلام کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں، بیرونی قوتیں مسلم ممالک میں انتشار پھیلا کر وسائل پر قبضہ اور امت مسلمہ کو تقسیم کرنا چاہتی ہیں،دین اور سیاست کو الگ کرنا کم علمی ہے، کفر و شر ک کے فتوے لگا کر قتل و غارت گری درست نہیں، اسلام رواداری کا حکم دیتا ہے۔ وہ گز شتہ روز یہاں میڈ یا سے گفتگو کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کے درمیان انتشار کو فروغ دینے کے لئے مسلکی ،لسانی اور سیاسی گروہوں کی تقسیم کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پروان چڑھایاجارہا ہے بھارت کشمیر میں 4ماہ سے مسلسل کرفیولگاکر نہتے کشمیریوں پر ظلم وستم کررہاہے ۔ننھے کشمیری بچوں پر پیلٹ گن کے استعمال سے کشمیری بچے آنکھوں سے محروم ہورہے ہیں انہوں نے کہا کہ دین اسلام مکمل ضابطہ حیات رکھتا ہے اور اس میں سیاست ومعیشت کے قوانین بھی موجود ہیں کلمہ پڑھنے والاہر فرد امت مسلمہ کا حصہ ہے اسے دینی وسیاسی اور لسانیت و صوبائیت کی بنیاد پر تقسیم کرنابے وقوفی ہے فرقہ واریت اور تکفیریت کا سب سے زیادہ فائدہ اسلام دشمن قوتوں کو ہورہاہے