اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) دفتر خارجہ اسلام آباد میں سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے چین، فرانس، روس، برطانیہ اور امریکا کے سفیروں کو بریفنگ میں کہا کہ گزشتہ 2 ماہ میں بھارتی فورسز نے شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا۔ ان واقعات میں 26 پاکستانی شہری شہید جبکہ 107زخمی ہوئے۔ بھارت کے جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔ نومبر کو بھارتی فورسز نے شاہ کوٹ اور جوڑا سیکٹر میں بھاری توپ خانوں کا استعمال کیا ۔ 13سال بعد بھارت کی جانب سے ایل او سی پر توپ خانے کا استعمال کیا گیا۔ بریفنگ میں مزید بتایا کہ بھارتی جارحیت خطے میں قیام امن کیلئے خطرہ ہے۔ بھارت کی جانب سے اقوام متحدہ افواج اور فوجی مبصر مشن کو رسائی نہیں دی جا رہی۔ اس موقع پر ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ نے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی جاحیت پر مکمل بریفنگ دی۔ سلامتی کونسل کے ارکان ممالک کے سفیروں کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تحفظات سے اپنی حکومتوں کو آگاہ کریں گے۔ سیز فائر معاہدے پر عملدرآمد ہونا چاہیے۔