خبرنامہ

بھارتی سیاستدانوں کی سرینگر آمد، قابض فوج کی فائرنگ سے 150 سے زائد کشمیری زخمی

سری نگر: بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی قیادت میں مختلف سیاسی جماعتوں کے 30 رکنی وفد کی مقبوضہ کشمیر آمد پر بھی بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی اور بربریت کا سلسلہ جاری ہے اور آزادی کے حق میں مظاہرہ کرنے والوں پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید 150 سے زائدکشمیری زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں مسلسل 58 ویں روز بھی کرفیو کے باعث کشیدگی برقرار ہے، جنت نظیر وادی میں نظام زندگی مفلوج جب کہ تعلیمی ادارے بند ہیں۔ بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی قیادت میں 30 رکنی آل پارٹیز وفد حریت رہنماؤں سے مذاکرات کے لئے سری نگر میں موجود ہے جب کہ حریت رہنماؤں نے بھارتی وفد سے مذاکرات کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔
اس خبر کو بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر کو بھارتی فوج کا قبرستان بنا دیں گے
دوسری جانب بھارتی حکومت کے وفد کی مقبوضہ کشمیر آمد کے موقع پر ہزاروں کی تعداد میں آزادی کے متوالے سڑکوں پر آ گئے اور بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ریاست کی کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی تصاویر بھی جلائیں، شوپیاں میں مشتعل مظاہرین نے منی سیکرٹریٹ کی عمارت کو آگ لگا دی جب کہ بھارتی فورسز نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہتے کشمیریوں پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 150 افراد زخمی ہو گئے۔