راولپنڈی:(ملت+اے پی پی) بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کے بعد پاک فوج کی جوابی کارروائی جاری ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے بھمبر سیکٹر پر وقفے وقفے سے بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے جواب میں بھرپور کارروائی کی جارہی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج بھارتی پوزیشن کو ہدف بنا رہی ہے جس سے دشمن فوج کو بھاری نقصان پہنچنے کا امکان ہے۔ کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 7 فوجی شہید ہوگئے تھے جس کی جوابی کارروائی سے متعلق گزشتہ روز آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ بھارت نے ہمارے 7 جوانوں کو شہید کیا جس کا اعتراف کرتے ہیں لیکن ہم نے ان کے 40 سے 44 فوجیوں کو ہلاک کیا، بھارتی فوج کو مرد بنتے ہوئے ہلاکتیں تسلیم کرنا چاہیئے۔