بھمبر:(ملت+اے پی پی) بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور بھارتی فورسز نے ایک بار پھر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کی ہے۔ بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر سماہنی سیکٹر میں صبح ساڑھے 9 بجے بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا جو وقفے وقفے سے جاری ہے۔ بھارتی فوج کی جانب سے سول آبادی کو نشانہ بنایا گیا ہے جب کہ پاک فوج کی جانب سے بھارتی گنوں کو خاموش کرانے کے لئے بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز بھارتی فوج کی جانب سے سمندری حدود میں داخل ہونے کی ناپاک کوشش کی جسے پاک بحریہ نے ناکام بناتے ہوئے بھارتی آبدوز کو واپس اپنے پانی کی جانب بھگا دیا۔ اس کے علاوہ بھارتی فورسز نے دو روز قبل ایل او سی پر بھمبر سیکٹر میں بھی بلا اشتعال فائرنگ کر کے 7 پاکستانی فوجیوں کو شہید کر دیا تھا جس کا پاک فوج کی جانب سے بھی بھرپور جواب دیا گیا تھا۔