خبرنامہ

بھارت پاکستان کا پانی بند کرنے کی تیاریاں کرنے لگا،بھارتی میڈیا کا دعویٰ

نئی دہلی(آئی این پی)اڑی حملے کے بعد بھارت پاکستان کا پانی بند کرنے کی تیاریاں کرنے لگا، نریندر مودی نے پاک بھارت انڈس واٹر معاہدے پر اجلاس (آج ) پیر کو طلب کر لیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت نے اڑی حملے کے بعد الزام تراشیوں کے بعد اب پاکستان کا پانی بند کرنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں ۔نریندر مودی نے پاک بھارت سندھ طاس معاہدے پر اجلاس (آج ) پیر کو طلب کر لیا ہے ۔ وزارت خارجہ معاہدے پر بریفنگ دے گی ۔ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ مودی سندھ طاس معاہدہ ختم کر سکتے ہیں ، اس معاہدے کے تحت 6بھارتی دریاؤں کا پانی پاکستان کومل رہا ہے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے مقبوضہ کشمیر کے علاقے اڑی میں بھارتی فوج کے کیمپ پر مسلح افراد کے حملے کے بعد بھارت نے پاکستان پر حملے میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا جسے پاکستان نے مسترد کردیا ۔دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی پائی جاتی ہے جبکہ نریندر مودی بھی پاکستان کے خلاف جنگ کی دھمکیاں دے چکے ہیں۔