خبرنامہ

بھارت کرکٹ ورلڈکپ 2027 کا فارمیٹ تبدیل کرانے پر بضد

بھارت اگلےکرکٹ ورلڈکپ کافارمیٹ تبدیل کرانے پر بضد ہوگیا۔برطانوی اخبار کے مطابق بھارت 2027 میں ورلڈ کپ 10 ٹیموں کا کرانا چاہتا ہے جس کے لیے بھارتی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل پر دباؤ ڈال رہا ہے ۔مگر آئی سی سی تاحال بھارتی مطالبے پر راضی نہیں ہوا ہے۔برطانوی اخبار کے مطابق آئی سی سی دو سال قبل 2027 میں14 ٹیموں کا ورلڈ کپ کنفرم کرچکا ہے جبکہ آئی سی سی نے ٹورنامنٹ فارمیٹ کی بنیاد پر نشریاتی حقوق بھی فروخت کر دیے ہیں۔واضح رہے کہ حال ہی میں بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ کا فارمیٹ بھی 10 ٹیموں پر مشتمل تھا۔2027 کا آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈکپ جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا، ایونٹ میں 14 ٹیموں کے درمیان 54 مقابلے ہوں گے۔بھارت بضد ہے کہ اس ورلڈکپ میں بھی 10 ٹیمیں شریک ہوں، بی سی سی آئی آئندہ آئی سی سی اجلاسوں کے دوران اس معاملے کو اٹھائے گا۔برطانوی اخبار کے مطابق 14 ٹیموں کا مطلب ہے کہ دو 7،7 ٹیموں کے گروپ ہوں گے ، ہر گروپ کی ٹاپ 3 ٹیمیں سپر سکس مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی اور پھر سیمی فائنل اور فائنل ہوں گے۔14 ٹیموں کی شمولیت سے میچز تو زیادہ ہوں گے وہی بھارتی براڈ کاسٹرز کو ڈر ہے کہ اس فارمیٹ کی وجہ سے بھارت جلد ورلڈکپ سے باہر ہوسکتا ہے جس کی وجہ ان کی ویورشپ میں کمی ہوسکتی اور مالی نقصان ہوسکتا ہے۔واضح رہے کہ ورلڈکپ میں بھارتی میچز کی ویور شپ ریکارڈ سطح پر جاتی ہے۔