خبرنامہ

بھارت کےساتھ تعلقات پرکسی بھی ملک کوتشویش نہیں ہونی چاہیئے، امریکا

واشنگٹن:(اے پی پی) امریکا کا کہنا ہے کہ بھارت کے ساتھ پرانے اور دیرینہ تعلقات ہیں لہذا کسی بھی خود مختار ملک کو دونوں ممالک کے بڑھتے تعلقات پر تشویش نہیں ہونی چاہیئے۔ واشنگٹن میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان جان کربی کا کہنا تھا کہ امریکا اور بھارت کے دوطرفہ تعلقات اہم اور پرانے ہیں لہذا دونوں ممالک کے تعلقات آگے بڑھنے پر کسی خود مختارملک کو تشویش نہیں ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی وجہ نہیں کہ کوئی بھی ملک امریکا اور بھارت کے تعلقات کو اپنے لئے خطرہ سمجھے۔ جان کربی نے کہا کہ 2012 میں افغانستان سے اغوا ہونے والی امریکی خاتون، ان کے کینیڈین شوہر اور بچوں کے اغوا سے متعلق آگاہ ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ مغویوں کو پاک افغان سرحدی علاقے میں کہیں رکھا گیا ہے اور اس حوالے سے مغویوں کی بازیابی کے لیے افغانستان اور پاکستان سے مسلسل رابطے میں ہیں۔