خبرنامہ

تخریب کاری میں ملوث 3 بھارتی سفارتکار پاکستان سے بے دخل کردئیے گئے

اسلام آباد(ملت + آئی این پی) سفارتکاری کی آڑ میں تخریب کاری کرنے والے 3 بھارتی سفارتکاروں کو پاکستان سے بے دخل کردیا گیا جب کہ دیگر 5 واہگہ کے راستے (آج ) بدھ کو واپس بھیجے جائیں گے۔ سفارتی اسٹاف کے روپ میں پاکستان میں تخریب کاری کرنے والے 8 بھارتی سفارت کاروں میں سے 3 کو پاکستان سے بے دخل کردیا گیا ہے جب کہ دیگر 5 واہگہ کے راستے (آج ) بدھ کو واپس بھیجے جائیں گے۔ بھارتی اہلکاروں کو صبح 9 بجے اسلام آباد سے پرواز ای کے 613 کے ذریعہ براستہ دبئی واپس روانہ کیا گیا۔بھارتی ہائی کمیشن کے نا پسندیدہ قرار دیے گئے آٹھ میں سے تین اہلکار فرسٹ سیکریٹری کمرشل انوراگ سنگھ، وجے کمار ورما اور مدھوان نندا کمار بھارت روانہ ہو گئے۔ پاکستان نے سفارتی آداب کی خلاف ورزی اور ملک کی سالمیت کے خلاف کام کرنے والے آٹھوں سفارت کاروں کو ناپسندیدہ قرار دیا تھا۔ پاکستان کی جانب سے جن بھارتی سفارت کاروں کو پاپسندیدہ قرار دیا گیا۔ ان میں راجیش کمار اگنی ہوتری، بلبیر سنگھ،انوراگ سنگھ،امر دیپ سنگھ بھٹی،دھرمیندرا،وجے کمار ورما،مادھون نندا کمار،جیا بالن شامل ہیں جو پاکستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ چند ماہ قبل بلوچستان سے ’’را‘‘ کا افسر کل بھوشن یادیو پکڑا گیا تھا جسے مسلمان کی حیثیت سے بھارتی پاسپورٹ جاری کیا گیا تھا اور اس کے پاسپورٹ پر ایران کا ویزا تھا جب کہ گزشتہ ہفتے سیکیورٹی ایجنسیز نے سفارت کاروں کے لبادے میں بھارتی سفارت کاروں کا ایک نیٹ ورک پکڑ لیا تھا جو کہ تخریب کاری میں ملوث پایا گیا تھا۔