خبرنامہ

ترقی دشمنوں کے منفی اقدامات کا اندھیرا چھٹ رہا : شہباز شریف

ترقی دشمنوں کے منفی اقدامات کا اندھیرا چھٹ رہا : شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو وسعت دینے اور ترکیہ کو سی پیک میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وقت کا تقاضا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ ٹریٹیجک تعاون کو مزید وسعت دیں، ملجم کلاس کورویٹ منصوبہ دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کی عمدہ مثال ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کو یہاں پی این ایس طارق ملجم کلاس کارویٹ جنگی جہاز کو پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ترک نائب صدر جودت یلماز مہمان اعزاز تھے۔ تقریب میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری ، احسن اقبال، سید نوید قمر ، وزیراعلی سندھ مراد علی ، گورنر سندھ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل امجد نیازی سمیت اعلی سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے، قریبی، تاریخی اور مذہبی رشتے میں منسلک ہیں۔ ہمارا ورثہ اور تہذیب مشترک ہے۔ پی این ایس طارق کی لانچنگ پر تمام متعلقہ افراد کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ چوتھا بحری جہاز ہے جو پاکستان اور ترکیہ نے مل کر تیار کیا ہے۔ پاکستان اور ترکیہ کی دوستی اور بھائی چارہ مثالی ہے۔ دونوں ممالک کی خوشحالی کا سفر اسی طرح جاری رہے گا۔ صدر طیب اردوان نےترک عوام کی بھرپور خدمت کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی پورٹ اور گوادر پورٹ کو آپس میں ملانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں ہم داخل ہو رہے ہیں۔ جس کے تحت گرین کوریڈور، بزنس کوریڈور ، اکنامک زون کوریڈور اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کوریڈور زون بنائے جائیں گے۔ گوادر کو ہم نے ایک اہم تجارتی مرکز بنانا ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ پاکستان ترکی سٹریٹیجک تعاون کو مزید فروغ دے۔ ہماری بری، بحری اور فضائی سرحدوں کو محفوظ بنانے میں کارکنوں اور ماہرین کی کاوش کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں اپنی بالا دستی قائم رکھنے والوں کی کوشش کو ناکام بنانے کے لئے پاک بحریہ کی صلاحیت کو مزید بڑھایا جائےگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاک بحریہ کی دفاعی ضروریات پوری کرنے کے لئے تمام اقدامات کرے گی۔ وزیراعظم نے ملجم کلاس کارویٹ کی تیاری میں حصہ لینے والے کارکنوں اور ماہرین کے لئے 20 کروڑ روپے کا اعلان کیا۔´ بیرونی کساد بازاری ، تیل کی درآمد، مہنگائی اور اشیا کی قیمتوں میں اضافہ اس کا بنیادی سبب ہے۔20کروڑ روپے کا تحفہ لایا ہوں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل امجد نیازی نے کہا کہ دونوں ممالک کے مشکل وقت میں ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ پی این ایس طارق کی لانچنگ پر انجینئر اور ماہرین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ پاکستان اور ترکیہ کے مشترکہ منصوبے دفاعی شعبے کو مزید مضبوط کریں گے۔ کراچی شپ یارڈ ملک کا واحد شپ یارڈ ہے جو ملکی وسائل سے بحری جہا ز تیار کررہا ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز نے کہا کہ پاکستان اور ترکی نے ہر مشکل میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور ترکی کے عوام پاکستان کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ ہمارے تعلقات روز بروز مضبوط ہو رہے ہیں اور دفاعی شعبہ اس وژن کا ایک اہم حصہ ہے۔ ترکیہ اور پاکستان کو سرحد پار دہشت گردی سمیت مختلف چیلنجوں کا سامنا ہے۔ جودت یلماز نے باجوڑ میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ترکیہ ہر قسم کی دہشت گردی کا مخالف ہے کیونکہ یہ عالمی امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہےاور ہم دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں، ہمیں متحد رہنے اور دہشت گردوں اور عام لوگوں میں فرق کرنے کی ضرورت ہے۔2002 میں ہمارے دفاعی منصوبے صرف60 تھے اب ان کی تعداد بڑھ کر ساڑھے8 سو تک پہنچ گئی ہے۔ترکیہ ان 10 ممالک میں شامل ہو چکا ہے جو جنگی جہاز تیار کررہا ہے۔ پاکستان کی دفاعی استعداد کو بڑھانے کے لئے ترکیہ تعاون کرتا رہے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک نائب وزیر دفاع ڈاکٹر جمال سمی نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کو مزید منصوبے شروع کرنے چاہیئں ۔ دونوں ممالک کو باہمی تجارت کے حجم میں اضافہ کرنا چاہیے۔ پاکستان کے ساتھ مل کر جناح کلاس فریگیٹ کی تیاری میں حصہ لیں گے۔ جبلہ ترکیہ اورپاکستان کے درمیان دفاعی صنعت کے تعاون کا ایک اور بڑا معاہدہ، ترک نائب وزیر دفاع جلال سمیع کا پاکستان کو “ترکش ففتھ جنریشن فائٹر پروگرام” میں شامل کرنے کا اعلان، نائب وزیر دفاع نے کراچی میں جنگی بحری جہاز “طارق” کی افتتاحی تقریب میں یہ اعلان کیا۔وزیراعظم شہبازشریف نے ترکیہ کے نائب صدر کے ہمراہ پی این ایس طارق کی لانچنگ کی۔ پی این ایس طارق پاکستان میں تیار ہونے والا دوسرا بحری جنگی جہاز ہے۔ دریں اثناءشہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی معاشی مسائل کے حل کیلئے کاروباری برادری کا کلیدی کردار ہے، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل سے ملک میں بڑے پیمانے پر بیرونی سرمایہ کاری ہوگی۔کراچی کی تاجر برادری کو سہولیات فراہم کرنا اور ان کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔یہ بات کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے جس نے صدر طارق یوسف اور چیف ایگزیکٹو زبیر موتی والا کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کی تاجر برادری کو سہولت اور ان کے مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل حکومت کی اولین ترجیح ہے، کراچی میں بجلی اور گیس کی منصفانہ تقسیم کیلئے آپ کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ حکومت نے 10ہزار میگا واٹ شمسی بجلی کا منصوبہ بنایا ہے جس میں بیرونی سرمایہ کار گہری دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سٹیٹ بینک اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے حکام تاجر برادری کے ساتھ تعاون سے ان کے مسائل حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کراچی کے تاجروں کو ایک قیمت پر بجلی کی فراہمی یقینی بنائے گی۔اس موقع پر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو اور تاجر برادری کے رہنما زبیر موتی والا نے تاجر برادری کے مسائل کے حل کیلئے تجاویز پیش کیں اور وزیر اعظم کے تاجر برادری کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعظم شہباز شریف آج اسلام آباد میں 2 منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیراعظم آج بھارہ کہو بائی پاس کا افتتاح کریں گے۔ وزیراعظم آج سرینا چوک اسلام آباد کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے طلال چوہدری اور دانیال عزیز کی توہین عدالت پر 5 برس نا اہلی کی سزا ختم ہونے پر ان کو مبارکباد دی ہے۔ سماجی روابط کی ویب سائٹ ”ایکس“ پر انہوں نے کہا کہ ”گزشتہ برسوں میں پاکستان کی خوشحالی و ترقی کے دشمنوں کے گروہ کی اس ملک میں کئے گئے منفی اقدامات کا اندھیرا چھٹ رہا ہے“۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے ان رہنماو¿ں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے ان صعوبتوں کے باوجور مسلم لیگ ن اور قائد میاں محمد نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا اور ثابت قدم رہے۔
وزیراعظم