اسلام آباد: (ملت+اے پی پی)ترک صدر رجب طیب اردوان دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ، صدراردوان آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب اور شاہی قلعہ لاہور میں وزیراعظم کے استقبالیہ میں بھی شرکت کریں گے ۔ صدر رجب طیب اردوان خاتون اول کے ہمراہ ایوان صدر پہنچے ، جہاں صدر ممنون حسین اور انکی اہلیہ نے معزز مہمان کا استقبال کیا ۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی تحقیقات کرائے ۔ بھارت کی غیرمنصفانہ حمایت سے پاکستان کے مفادات متاثر ہو رہے ہیں، دونوں ممالک نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ تعاون پر اتفاق بھی کیا ۔ صدر ممنون حسین کی جانب سے ترک صدر کے اعزازمیں عشائیہ دیا گیا ۔ معزز مہمان آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرینگے ۔ صدر رجب طیب اردوان لاہور میں گریٹر اقبال پارک کا افتتاح کریں گے ، شاہی قلعے میں وزیراعظم کی جانب سے معزز مہمان کیلئے ظہرانہ دیا جائے گا ۔