اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) ترک صدر طیب اردگان وزیروں، مشیروں اور کاروباری شخصیات پر مشتمل وفد کے ساتھ آج اسلام آباد پہنچیں گے۔ سترہ نومبر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ ایک روزہ دورہ لاہور بھی ان کی مصروفیات میں شامل ہے۔ ترک صدر اپنے پاکستانی ہم منصب ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقاتوں میں پاک ترک تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ طیب اردگان پارلیمنٹ سے خطاب کے بعد صدر ممنون حسین کی جانب سے استقبالیہ میں شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم شاہی قلعہ لاہور میں معزز مہمان کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ترک صدر کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں مدد ملے گی، ترکی نے مسئلہ کشمیر سمیت تمام علاقائی اور عالمی معاملات میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔