اسلام آباد:(اے پی پی) ملک بھر میں 51 واں یوم دفاع پاکستان آج انتہائی جوش و جذبے سے منایا جارہاہے.آج 1965کی جنگ کے شہدا کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔ ملک بھر میں یوم دفاع آج منایا جا رہاہے.6 ستمبر 1965 کوپاک فوج کے بہادروں نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے اور شجاعت،ایثاراور بہادری کی وہ لازوال داستان رقم کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔ یوم دفاع کے موقع پر آج اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی اور وطن عزیز کی سلامتی،ترقی اورحوشحالی کے لیے خصوصی دعائوں کے ساتھ ہوا۔ صدر مملکت ممنون حسین اوروزیراعظم نواز شریف نےیوم دفاع کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ وطن کے دفاع سے غافل نہیں،کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ صدر پاکستان ممنون حسین نے اپنے خصوصی پیغام میں ملکی دفاع اور وقار کی خاطر ڈٹ جانے والے سپاہیوں،غازیوں اور شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج اندرونی و بیرونی خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہاچھ ستمبر کا دن، ہماری تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے،اس دن مسلح افواج اور عوام نے دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنائے۔ان کامزید کہناتھا کہ وطن کے دفاع سے غافل نہیں ،کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں تمام کنٹونمنٹس کے ساتھ مختلف شہروں میں پروقار تقاریب کا اہتمام کیاجائے گا اور ہلال پاکستان لہرانے سمیت 6 ستمبر 1965 کی جنگ میں جام شہادت نوش کرنے اورنشان حیدر پانے والے شہداکی یاد گاروں پر پھول چڑھائے جائیں گے۔ لاہور میں یوم دفاع کے حوالے سے مزاراقبال پر گارڈ آف آنر کی تقریب کا اہتمام کیا گیا پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے مزار اقبال پر گارڈ آف آنر پیش کیا۔ پاک فوج کی جانب سے میجر جنرل طارق امان نے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور رینجرز کی جانب سے بریگییڈر عاصم حسین نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ یوم دفاع کے موقع پر پاک رینجرزکے دستے نے مزار اقبال پر سلامی دی.پاک رینجرز کی جانب سے پریڈ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کےمزار پر یوم دفاع کےموقع پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب جاری ہے اور پاکستان ایئرفورس کا چاق وچوبند دستے نے سیکورٹی کے فرائض سنبھال لیے۔ پاکستان ایئرفورس کےچاق وچوبند دستے میں 98کیڈٹس ہیں جن میں 6خواتین کیڈٹس بھی شامل ہیں۔ مہمان خصوصی ایئروائس مارشل عمران خالد نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی اور بھولوں کی چادر چڑھائی۔ ایئروائس مارشل پاکستان ایئرفورس عمران خالد نے کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔ یوم دفاع کے دن لاہور میں میجرشبیرشریف شہیدکی آخری آرام گاہ پرسلامی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا.جی اوسی میجرجنرل فداحسین نےمیجرشبیرشریف شہیدکےمزارپرپھول چڑھائےاور فاتحہ خوانی کی۔ پاک فوج کےچاق چوبنددستےکی جانب سے میجر شبیر شریف شہید کی آخری آرام گاہ پرگارڈآف آنرپیش کیاگیا۔ اس موقع پر میجر شبیر شریف شہید کی ہمشیرہ کا کہنا تھا کہ میجرشبیر شریف شہید آج بھی زندہ ہیں اور ان کی قربانی رہتی دنیاتک یادرکھی جائےگی۔ میجر شبیر شریف کے صاحبزادے کا کہنا تھا کہ والد کی بہت یاد آتی ہے اور یہ شہدا ہمارے ہیروز ہیں۔