واشنگٹن: (ملت+اے پی پی)امریکی سینیٹ کی کمیٹی برائے مسلح افواج کے چیئرمین سینیٹر جان میک کین نے پاک فوج کے سبکدوش ہونے والے سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ پاک فوج کے نئے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ ملکر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ اپنے بیان میں سینیٹر میک کین نے کہا کہ میں جنرل راحیل شریف کو بطور آرمی چیف ان کی ریٹائرمنٹ پر مبارکباد اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم پارٹنر رہے۔ نومبر 2013ء میں عہدہ سنبھالنے کے بعد انہوں نے پاکستان کی سرزمین پر سرگرم دہشت گردوں کو نشانہ بنانے کی جامع کوششیں کیں اور اس جنگ کو خیبر پختونخوا تک میں لڑا۔ انہوں نے اس بات کا عملی مظاہرہ کیا کہ دہشت گرد گروپوں کے خلاف کارروائی پاکستان کی قومی سلامتی کے مفاد میں تھی۔ امریکی سینیٹر جان میک کین نے شاندار ریٹائرمنٹ پر جنرل (ر) راحیل شریف کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ پاکستان کے لئے جنرل (ر) راحیل شریف کی خدمات جاری رہیں گی۔ انہون نے مستقبل بارے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اپنا یہ عزم واضح کرنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کا انحصار کسی ایک شخصیت پر نہیں اور اس سلسلے میں وہ وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کے انتخاب جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ ملکر کام کرنے کے خواہاں ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ پاکستان کی سویلین حکومت کے ماتحت فوج میں کمان کی اپنے طریق کار کے مطابق دوسری بار منتقلی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔