اسلام آباد: ایف آئی اے ذرائع کے مطابق جعلی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کے ماسٹر مائنڈ اور اومنی گروپ کے چیف فنانس آفیسر اسلم مسعود کو انٹرپول نے جدہ سے گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق جعلی بینک اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس میں چند روز پہلے اسلم مسعود کے ریڈ وارنٹ جاری کیے گئے تھے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے رابطہ کیا گیا تھا۔
ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہےکہ انٹرپول نے جعلی بینک اکاؤنٹس، منی لانڈرنگ کیس کے ماسٹر مائنڈ اور اومنی گروپ کے چیف فنانس آفیسر اسلم مسعود کو گزشتہ روز لندن سے جدہ پہنچنے پر ائیرپورٹ پر گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق انٹرپول کی جانب سے اسلم مسعود کی گرفتاری پر باضابطہ آگاہ کردیا گیا ہے اور اب ملزم کی حوالگی اور پاکستان واپسی کے لیے ایک سے دو روز میں ٹیم تشکیل دی جائے گی جو تمام قانونی تقاضے پورے کرکے ملزم کو پاکستان منتقل کرے گی جہاں اس سے مزید تفتیش کی جائے گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اسلم مسعود منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کے آغاز سے 9 جنوری کو پاکستان سے فرار ہوا تھا اور اس نے مختلف قومی شناختی کارڈز پر جعلی بینک اکاؤنٹس کھلوائے تھے، ان اکاؤنٹس کو کھلوانے میں بینک کے اعلیٰ افسران بھی ملوث ہیں۔
ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہےکہ ملزم اسلم مسعود کی گرفتاری بہت بڑی کامیابی ہے، ملزم سے تفتیش کے دوران تمام راز افشا ہوں گے اور 35 ارب سے شروع ہو کر ایک کھرب تک جانے والے منی لانڈرنگ کیس میں سیاسی شخصیات کے گرد بھی تیزی سے گھیرا تنگ ہورہا ہے جب کہ کیس میں آئندہ چند روز میں اہم گرفتاریوں کا بھی امکان ہے۔
جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کا پس منظر
ملک میں بڑے بزنس گروپ ٹیکس بچانے کے لیے ایسے اکاؤنٹس کھولتے ہیں، جنہیں ‘ٹریڈ اکاؤنٹس’ کہاجاتا ہے اور جس کے نام پر یہ اکاؤنٹ کھولا جاتا ہے، اسے رقم بھی دی جاتی ہے۔
اس طرح کے اکاؤنٹس صرف پاکستان میں ہی کھولے جاتے ہیں اور دنیا کے دیگر حصوں میں ایسی کوئی مثال موجود نہیں۔
ایف آئی اے جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کی تحقیقات کررہی ہے اور اس سلسلے میں اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید اور نجی بینک کے سربراہ حسین لوائی بھی ایف آئی اے کی حراست میں ہیں جب کہ تحقیقات میں تیزی کے بعد سے اب تک کئی جعلی اکاؤنٹس سامنے آچکے ہیں جن میں فالودے والے اور رکشے والے کے اکاؤنٹس سے بھی کروڑوں روپے نکلے ہیں۔
منی لانڈرنگ کیس میں اومنی گروپ کے سربراہ اور آصف زرداری کے قریبی ساتھی انور مجید اور ان کے صاحبزادے عبدالغنی مجید کو سپریم کورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا جب کہ زرداری کے ایک اور قریبی ساتھی نجی بینک کے سربراہ حسین لوائی بھی منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار ہیں۔
اسی کیس میں تشکیل دی گئی جے آئی ٹی میں سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور پیش ہوچکے ہیں۔