لاہور : اپوزیشن لیڈر حمزہ شہبازنے پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے بائیکاٹ کا اعلان کردیا اور مطالبہ کیا اسپیکر پنجاب اسمبلی اپنے بیان پر معافی مانگیں، ارکان کی معطلی کا حکم واپس لینے تک اس ہاؤس میں نہیں جاؤں گا۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویزالٰہی کو جعلی اسپیکر قرار دے دیا اور کہا ن لیگ کے12 ووٹ چوری کرکے اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوگئے۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کی رات ہی تحفظات کااظہار کیا تھا، تمام دھاندلی کے باوجود نتائج کو قبول کیا، جمہوریت کی خاطرہم اسمبلی میں آئے، شہبازشریف کو صاف پانی میں بلایا اور آشیانہ کیس میں گرفتار کرلیا گیا۔
رہنما ن لیگ نے کہا جعلی اسپیکرکےجعلی کرتوت آپ کےسامنے رکھناچاہتاہوں ،اسپیکرپنجاب اسمبلی کی چوری کی عادت ہے،یہ پنجاب بینک پر ڈاکے، رنگ روڈغبن اور رنگ روڈ اسکینڈل میں ملوث ہیں۔
حمزہ شہباز نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ارکان کی معطلی کاحکم واپس لینے تک اس ہاؤس میں نہیں جاؤں گا، اسپیکر پنجاب اسمبلی اپنے بیان پرمعافی مانگیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک ایسا شخص اسپیکر کی کرسی پر براجمان ہے، جس نے 12ووٹ چوری کیے، رنگ روڈکی الائنمنٹ کوتبدیل کیا گیا تاکہ زمین پرقبضہ کیا جائے، عمران خان نے پرویز الٰہی کو لٹیرا کہا تھا آج اسے اسپیکر بنا دیا۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کی جعلی تصویرجاری کی گئی، پرویزالہٰی نےخواتین کےلیے توہین آمیز لفظ استعمال کیا، اسپیکرپنجاب اسمبلی اپوزیشن خواتین سے متعلق اپنے بیان کو واپس لیں، ممبران کی تضحیک پر بھرپور احتجاج کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ جعلی اسپیکرکاجعلی اقدام تھا، کمیٹی جعلی تصویر کا جائرہ لے، ثابت ہواانہوں نے پنجاب بینک اور رنگ روڈ کے الائنمنٹ پر ڈاکا ڈالا۔