اسلام آباد(ملت + آئی این پی ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکومت اور تحریک انصاف کو 2 نومبر کو اسلام بند کرنے سے روک دیا،جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ حکومت 2 نومبر کو اسلام آباد بند نہیں کرے گی، سڑکوں پر کوئی کنٹینر نہیں لگے گا،سکول وہسپتال کھلے رہیں گے، تحریک انصاف کے مظاہرے کے لئے پریڈ گراؤنڈ مختص کر نے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں 2 نومبر کو اسلام آباد بند کرنے سے متعلق 4 شہریوں کی دائر درخواستوں کی سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل سنگل بنچ نے کی۔ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ، کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد سمیت متعلقہ حکام عدالت میں پیش ہوئے۔ کیس کی سماعت کے دوران جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ حکومت 2 نومبر کو اسلام آباد بند نہیں کرے گی، سڑکوں پر کوئی کنٹینر نہیں لگے گا اور سکول وہسپتال کھلے رہیں گے۔ اس کے علاوہ جسٹس شوکت عزیز نے تحریک انصاف کے مظاہرے کے لئے بھی پریڈ گراؤنڈ مختص کر کے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا۔ اس موقع پر پیمرا نے عمران خان اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کی جانب سے اسلام آباد بند کرنے کے حوالے سے تقاریر کی ویڈیو بھی عدالت میں پیش کیں جس پر جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ امپائر، تھرڈ امپائر اور ریزرو امپائر صرف پاکستان کی عدالتیں ہیں، کرکٹ میں رگبی کے اصول نہیں لگیں گے، عدالت نے عمران خان کو 31اکتوبر کو طلب کرلیا۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 2 نومبر کو اسلام آباد میں مظاہرے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ حکومت کی جانب سے بھی تحریک انصاف کے دھرنے سے نمٹنے کے لئے بھرپور انتظامات کئے جا رہے ہیں۔