اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیراعظم عمران خان اب سے کچھ دیر بعد قوم کو اپنی حکومت کے 100 روزہ پلان پر عملدرآمد کے نتائج اور کارکردگی کے حوالے سے اعتماد میں لیں گے۔
اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں تقریب جاری ہے جس میں وفاقی وزراء سمیت حکومتی شخصیات سمیت زندگی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہیں۔
وزیراعظم اپنے خطاب کے دوران قوم کو سادگی و کفایت شعاری مہم، نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے،گورننس، معاشی بہتری اور عام آدمی کے مسائل کے حل کے لیے کیے گئے حکومتی اقدامات سے آگاہ کریں گے۔
وزیراعظم مختلف ٹاسک فورسز کی کارکردگی پر بھی بات کریں گے، صوبوں کے درمیان ہم آہنگی اور خارجہ پالیسی میں بہتری کے اقدامات سے بھی قوم کو آگاہ کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کے قیام کے 100 روز پورے ہوگئے ہیں اور وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور وزراء نے اپنے اداروں اور محکموں کی رپورٹس وزیراعظم کو پیش کردیں جس پر انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ملک کی ترقی کی سمت کا تعین کردیا ہے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور معیار زندگی بلند کرنے کے منصوبے شروع کیے گئے ہیں جن کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے گی۔