اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیرِاعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ آج امریکا پاکستان کا موقف تسلیم کررہا ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ شکر ہے کہ آج عالم اقوام میں امن کے قیام کے سلسلے میں پاکستان کے کردار پر بات ہورہی ہے۔
اپنے خطاب کے دوران وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان 15 سال سے عالمی طاقتوں کو یہ باور کرورہا ہے کہ افغان تنازعے کا حل طاقت کے استعمال سے ممکن نہیں ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے اور اس بات کو امریکا کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان زلمے خلیل زاد کی قیادت میں اسلام آباد آنے والے وفد نے بھی تسلیم کیا۔
وزیرِ اعظم نے بتایا کہ زلمے خلیل زاد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کہنے پر پاکستان آئے اور انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے مؤقف کی بھی تائید کی۔
یمن جنگ سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اس تنازع کے بارے میں ایران اور سعودی عرب سے بات چیت بھی کی ہے۔