خبرنامہ

خیبر: باڑہ بازار میں خودکش دھماکا اور فائرنگ، پولیس اہلکار شہید، 8 افراد زخمی

خیبر پختون خوا کے ضلع خیبر کے باڑہ بازارمیں خودکش دھماکا ہوا ہے جس میں 1 پولیس اہلکار شہید جبکہ 8 افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق تحصیل کمپاؤنڈ کے مین گیٹ پر دوران تلاشی دھماکا ہوا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ باڑا تحصیل کمپاؤنڈ کے مین گیٹ پر دورانِ تلاشی دھماکا ہوا۔

کمپاؤنڈ کے اندر باڑہ تھانہ،سرکاری اور دیگر اہم دفاتر ہیں، باڑہ تھانے کے اندر ہی سی ٹی ڈی سیل بھی ہے۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں 1 شخص کی لاش لائی گئی جبکہ 3 پولیس اہلکاروں سمیت 4 زخمی اسپتال لائے گئے۔
آئی جی کی خودکش دھماکے کی تصدیق

آئی جی پولیس خیبر پختون خوا نے خیبر میں دھماکا خودکش ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کمپاؤنڈ میں 2 خود کش حملہ آوروں نے داخل ہونے کی کوشش کی۔

آئی جی خیبر پختون خوا کے مطابق ایک خودکش حملہ آور نے مرکزی گیٹ، جبکہ دوسرے نے عقب سے عمارت میں داخلے کی کوشش کی۔

انہوں نے مزید بتایا ہے کہ پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دونوں خودکش حملہ آور مارے گئے، حملہ آوروں کو عمارت کے اندر داخل ہونے نہیں دیا گیا۔

آئی جی خیبر پختون خوا کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے حملہ آوروں کے اعضاء کے نمونے حاصل کر لیے ہیں۔