خبرنامہ

دشمن کو پیغام ہے ان کےعزائم پاؤں تلے روند دیں گے: شہباز شریف

اسلام آباد:(ملت آن لائن) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چین پاکستان کا بہترین دوست ہے، چینی قونصلیٹ پر حملے سے متعلق پوری قوم کو تشویش ہے۔ دشمن کو پیغام ہے ان کے عزائم پاؤں تلے روند دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق نیب کے راہداری ریمانڈ پر موجود مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچے۔

اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہنا تھا کہ حکومت نے چینی قونصلیٹ پر حملے سے متعلق بریفنگ دی، چینی قونصلیٹ پر حملہ تشویشناک ہے۔ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کوشک نہیں ہونا چاہیئے چین پاکستان کا بہترین دوست ہے۔ چینی قونصلیٹ پر حملے سے متعلق پوری قوم کو تشویش ہے۔ پولیس اور رینجرز کی بر وقت کارروائی سے چینی عملہ محفوظ رہا۔

شہباز شریف نے کہا کہ دشمن کو پیغام ہے ان کے عزائم پاؤں تلے روند دیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم ہمیں ڈرائیں دھمکائیں نہیں ان مراحل سے پہلے بھی گزر چکے ہیں، ہم نے ماضی میں بھی آمریت کا مقابلہ کیا اور ہتھیکڑیاں سہیں، کوڑے کھائے، آپ کس کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم دھمکی آمیز زبان استعمال کرنا چھوڑ دیں، اس سے پاکستان کو نقصان پہنچ رہا ہے، کون کہتا ہے آپ کرپشن کرنے والوں کو چھوڑیں۔

وزیراعظم کے یوٹرن کے بیان سے متعلق شہبازشریف نے کہا کہ اگر یوٹرن لینا بڑی صفت ہے تو دنیا میں ہم پر کون اعتبار کرے گا، کیا وزیراعظم کو احساس ہے ان کے بیان سے پاکستان کے بارے میں منفی تاثر قائم ہوگا، سنجیدہ لوگ کہیں گے کہ اگر وزیراعظم ہی اس طرح کی بات کر رہے ہیں تو ان پر کس طرح اعتبار کرلیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم کی منطق مجھے اور 20 کروڑ عوام کو سمجھ نہیں آئی تو دنیا کو کیسے سمجھ آئے گی جب کہ اپنے بیان پر وہ اب بھی زور دے رہے ہیں کہ انہوں نے جو بیان دیا وہ درست ہے، وزیراعظم سنجیدگی کا مظاہرہ کریں، ان کے بیانات سے لگتا ہے کہ وہ اب بھی کنٹینر پر چڑھے ہوئے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ کہاں ہیں وہ لوگ جن کے بارے میں کہتے تھے ہماری حکومت آئے گی تو ڈالروں کی برسات ہوگی، ہمیں 22 کروڑ عوام کا مفاد سب سے عزیز ہے۔