خبرنامہ

آذر بائیجان کا دورہ مکمل، وزیر اعظم اسلام آباد پہنچ گئے

باکو۔15 اکتوبر (ملت + اے پی پی) وزیر اعظم محمد نواز شریف آذربائیجان کا تین روزہ دورہ مکمل کر کے ہفتہ کو اسلام آباد روانہ ہوگئے ۔ایئر پورٹ پر آذربائیجان کے ڈپٹی وزیر اعظم علی احمدوف نے وزیر اعظم اور اعلیٰ سطح کے وفد کو الوداع کیا ۔ صدر آذربائیجان الہام علیوف کی دعوت پر وزیر اعظم محمد نواز شریف کا یہ آذربائیجان کا پہلا دورہ تھا۔ دورے کے دوران وزیر اعظم نے آذربائیجان کے صدر سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعاون بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن کیلئے اپنی تصور کے بارے میں مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی ، اس کے علاوہ دفاعی اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔ اپنے آذری ہم منصب سے ملاقات کے دوران توانائی ، دفاع اور معیشت کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ، دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر اعظم نوازشریف کو عالمی امن ، ترقی اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے انکی خدمات کے اعتراف میں باکو سیٹیٹ یونیورسٹی کی جانب سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری بھی دی گئی ، ہفتہ کو وزیر اعظم نے آذربائیجان کی پارلیمنٹ ملی مجلس کا دورہ کیا جہاں سپیکر اوگتے اسدوف نے انہیں پارلیمنٹ کے امور کے بارے میں بریفنگ دی ۔ وزیر اعظم نے وفد کے ہمراہ سپیکر ملی مجلس سے ملاقات بھی کی ۔ وزیر اعظم نے آذربائیجان کے سابق صدر حیدر علیوف کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی ۔ انہوں نے آذربائیجان کی آزادی کے تحریک میں جدوجہد آزادی میں شہید ہونے والوں کی قبروں پر بھی حاضری دی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔