وزیراعظم کی آذربائیجان کے صدر سے ملاقات،
ہم علاقائی رابطوں کو مربوط بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں،سی پیک علاقائی رابطوں کو مربوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا، ،باکوکی جدید اور خوبصورت شہر میں تبدیلی پر خوشی ہوئی،آذربائیجان نے نصف صدی میں شاندار ترقی کی ،خوشحالی قابل تعریف ہے،آذربائیجان مسلم امہ کیلئے ماڈل رول کی حیثیت رکھتا ،پاکستان اور آذربائیجان دو برادر ملک ہیں،دونوں ملکوں کو باہمی اقتصادی تعاون کو فروغ دینا چاہیے
وزیراعظم محمد نوازشریف کی آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات میں گفتگو
باکو(آئی این پی )وزیراعظم محمد نوازشریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات،اقتصادی سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا،وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ ہم علاقائی رابطوں کو مربوط بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں،سی پیک علاقائی رابطوں کو مربوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔جمعہ کو وزیراعظم محمد نوازشریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا،اقتصادی،تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات کیے گئے جس میں وزیراعظم محمد نوازشریف اورصدر الہام علیوف نے اپنے اپنے وفود کی قیادت کی۔ملاقات کے دوران آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے کہا کہ آذربائیجان کا دورہ کرنے پر وزیراعظم کے مشکور ہیں۔الہام علیوف نے کہا کہ آذربائیجان پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کو مستحکم بنانے کا خواہاں ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ہم ایک دوسرے کی باہمی مفاد کے تمام امور پر حمایت کرتے ہیں۔اسی دوران وزیراعظم محمد نوازشریف نے پرتباک استقبال پر آذربائیجان کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ آذربائیجان کا دورہ کرنے پرمجھے بہت خوشی ہوئی،باکوکی ایک جدید اور خوبصورت شہر میں تبدیلی پر خوشی ہوئی،آذربائیجان نے نصف صدی میں شاندار ترقی کی ہے اور اس کی خوشحالی قابل تعریف ہے،آذربائیجان مسلم امہ کیلئے ایک ماڈل رول کی حیثیت رکھتا ہے۔پاکستان اور آذربائیجان دو برادر ملک ہیں،دونوں ملکوں کو باہمی اقتصادی تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا کہ سی پیک علاقائی رابطوں کو مربوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا،ہمیں خطے کی استعداد سے استفادہ کرنا ہے۔وزیراعظم نے سی پیک کے تحت توانائی،بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں سے آگاہ کیا،ہم علاقائی رابطوں کو مربوط بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔(خ م)