دھرنا دیا تو یہ خوار ہونگے، شیخ رشید
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ دھرنا دیا تو یہ خوار ہونگے،حکومت کو کوئی خطرہ نہیں،5 سال پورے کریگی، اپوزیشن انتخابی مہم چلارہی ہے ،یہ خود ہی تھک جائیں گے، اپوزیشن سے گلہ ہےجلسے جلوس بڑی دیر سے شروع کیے، پی ڈی ایم والے وارم اپ ہوتے ہوتے ہی 6ماہ لے لیں گے۔
وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہاکہ اپوزیشن سڑکوں پر آنے کی تاریخ پر تاریخ دے رہی ہے، اپوزیشن والے موسمی بیماری ہیں، یہ سردیوں میں نکل آتے ہیں،دین کے نام پرسیاست کی جاتی ہے، یہ بچے ٹی وی ٹی وی کھیلتے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہاکہ پی ڈی ایم والے وارم اپ ہوتے ہوتے ہی 6ماہ لیں گے، اصل دھرنا دینے یا تحریک چلانے کا وہ وقت تھا جب فضل الرحمن پہلی دفعہ اسلام آباد آئے تھے، اب وہ آکر اپنے آپ کو خوار کریں گے جب تک کوئی قانون ہاتھ میں نہیں لے گا اسلام آباد کی پولیس کبھی کسی کو ہاتھ نہیں لگائے گی۔
میری سیاسی جماعت عمران خان اورالیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے معاملے پر تحریک انصاف کے ساتھ کھڑ ی ہے ، میں عمران خان کی سوچ کا حامی ہوں کہ ای وی ایم مشین ہونی چاہیے کیونکہ70 سال سے دھاندلی کے الزامات لگ رہے ہیں۔
انٹرنیشنل ووٹنگ کیلئے بات چیت کرلیں کوئی حرج نہیں کیونکہ سارا انٹرنیٹ براستہ انڈیا آتا ہے ایسا نہ ہو ہیک ہو جائے، امریکا روس پر الزام لگارہا ہے دنیا پر الزامات لگ رہے ہیں مگر میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا حامی ہوں۔
شیخ رشید نے کہاکہ شہباز شریف اور فواد حسن فواد پہلے ہی ای سی ایل پر ہیں،انہوں نے اس سے نکلنے کی درخواست نہیں دی ۔ نیب نے ایک اور کیس دو ہفتے پہلے بھیجا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں ماحول اچھا ہونا چاہیے میں پہلے ہی آئی جی سے بات کرچکا ہوں۔ کرائم کی تعداد کم ہونی چاہیے ابھی ایک بینک میں ڈکیتی ہوئی مجھے اپنی پولیس پر فخر ہے جو 6 جوان شہید ہوئے ہیں ان کے گھر بھی جائوں گا۔