خبرنامہ

دہشت گردی کا خطرہ ہے،عمران خان ریلی موخر کرلیں‘رانا ثناء اللہ

لاہور(آئی اےن پی) صوبائی وز یرقانون و پارلیمانی امور رانا ثنائ اللہ خاں نے کہا ہے کہ دہشت گردوں اور پی ٹی آئی کا طریقہ کار مختلف لیکن ایجنڈا ایک ہے‘دہشت گرد ملک میں انتشار ، بے چینی پیدا کرنا چاہتے ہیں جبکہ عمران خان ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں‘ لاہور اور پشاور کے حوالے سے مسلسل سکیورٹی الرٹس چل رہے ہیں ‘پشاور کے بعد لاہور دہشتگردوں کےلئے سافٹ ٹارگٹ ہوسکتا ہے ،عمران خان اپنی ریلی کو چند روز آگے کرلیں‘ کارکن عمران خان کو سمجھائیں ،کارکنوں کی بات نہ ماننے والا ایک لیڈر تباہ ہو چکا ہے۔ وہ جمعہ کو یہاں 90-شاہراہ قائد اعظم پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے اس موقع پر ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری بھی موجودتھے رانا ثنائ اللہ خاں نے کہا کہ احتجاج کی سیاست سے ملک میں انتشار پھیلایا جارہا ہے -انہوں نے کہا کہ کھلے علاقہ میں کوئی بھی احتجاج دہشت گردوں کا آسان ہدف ہوسکتا ہے- انہوں نے کہا کہ پشاور کے بعد لاہور دہشت گردوں کے لئے سافٹ ٹارگٹ ہوسکتا ہے- انہوں نے کہا کہ اس سے قبل حساس اداروں کے تھریٹ الرٹ کے مطابق پشاور میں افسوسناک واقعہ رونما ہوچکا ہے – انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے وزیراعلی پنجاب کی واضح ہدایات کی روشنی میں پی ٹی آئی کی ریلی کے لئے سخت سکیورٹی انتظامات کرلئے ہیں- انہوں نے کہا کہ ر یلی کے روٹ سے ملحقہ راستوں پر سرچنگ کی جائے گی- انہوں نے کہا کہ شرکائ ریلی کو 3مختلف مقامات پر چیک کیا جائے گا۔وزیرقانون نے کہا کہ پولیس نے پی ٹی آئی پنجاب کی قیادت کو تھریٹ الرٹ لیٹر جاری کردیا ہے- انہوں نے کہا کہ لیٹرکے مطابق ممکنہ دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر پروگرام کرنا سکیورٹی رسک ہے- انہوں نے کہا کہ پولیس نے پی ٹی آئی سے ریلی کا پروگرام منسوخ کرنے کی درخواست کی ہے تاہم 3ہزار سے زائد پولیس اہلکار شرکائ ریلی کی حفاظت پر مامور ہوں گے- رانا ثنائ اللہ خاں نے کہا کہ پشاور اور مردان میں دہشت گردی کے واقعات کے نتیجہ میں ہونے والے جانی نقصان پر عمران خان کو دونوں شہروں میں جانا چاہیے نہ کہ وہ صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا سے کارکنوں کو لاہور میں ریلی کی دعوت دیتے رہیں- ایک سوال کے جواب میں رانا ثنائ اللہ خاں نے کہا کہ عمران خان، وزیراعظم پر الزام لگاتے ہیں کہ انہوں نے اثاثے چھپائے ہوئے ہیں- اس پر انہیں متعدد بار کہا ہے کہ وہ عدالت یا متعلقہ فورم جائیں تو وہ اس ضمن میں ثبوت دینے کو تیار ہیں- انہوں نے کہا کہ آخر عمران خان نے بھی تو اپنی اولاد چھپائی ہوئی ہے ہم نے انہیں کبھی کچھ کہا ہے- وزیرقانون نے کہا کہ عمران خان خود تو بذریعہ ہیلی کاپٹر شاہدرہ لینڈ کریں گے اور بلٹ پروف گاڑی میں سوار ہو کر کنٹینر پر پہنچیں گے جبکہ وہ اپنے کارکنوں کو ممکنہ دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیں گے