خبرنامہ

ریلوے ٹریک پر یکے بعد دیگرے دو دھماکوں سے 8 افراد جاں بحق

مچھ: (ملت+مانیٹرنگ) مچھ میں دہشت گردوں نے بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے جعفر ایکسپریس کو نشانہ بنا دیا۔ ریلوے ٹریک پر یکے بعد دیگرے دو دھماکوں سے 8 افراد جاں بحق جبکہ 18 زخمی ہو گئے۔ دھماکے سے ٹرین کو بھی بری طرح نقصان پہنچا۔ ریلوے حکام کے مطابق ٹرین کوئٹہ سے راولپنڈی جا رہی تھی کہ مچھ کے قریب بوگی نمبر 3 میں پہلا دھماکا ہوا جس میں سے زخمیوں کو نکالا جا رہا تھا کہ بوگی نمبر 6 بھی دھماکے سے تباہ ہو گئی۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں دھماکوں میں تین سے چار کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔ دھماکے کی وجہ سے ٹرینوں کی آمدورفت بھی معطل ہو گئی۔ کئی ٹرینوں کو کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر روک لیا گیا۔ ملک بھر میں ریلوے ٹریکس کی سیکیورٹی بھی سخت کر دی گئی ہے۔