خبرنامہ

ریمنڈ ڈیوس کیس میں پنجاب حکومت کا کوئی کردار نہیں :شہباز شریف

لاہور ( ملت آن لائن ) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کیس اور اس کی کتاب کے حوالے سے پیدا ہونے والے تنازعے میں پنجاب حکومت کا کوئی کردار نہیں ہے ۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت پر الزامات لگانے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں ، ریمنڈ ڈیوس نے اپنی کتاب میں جن افراد کا ذکر کیا ہے میڈیا کو چاہیئے کہ وہ سوالات بھی انہی سے پوچھے ۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ، جمہوریت کی گاڑی درست سمت میں چل رہی ہے ۔

………….
اسی سے متعلقہ خبر
ریمنڈ ڈیوس کی کتاب کا ہر پاکستانی کو مطالعہ کرنا چاہیے، عمران خان

اسلام آباد(ملت آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کی کتاب کا ہر پاکستانی کو مطالعہ کرنا چاہیے۔

ٹوئیٹر میں اپنے پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ کتاب کے مطالعے سے پتہ چلے گا کہ پاکستانیوں کی ہلاکت کا ذمہ دار کیسے صاف انداز میں بچ نکلنے میں کامیاب ہوا اور بین الاقوامی سطح پر کیوں ہماری زیادہ عزت نہیں ہوتی۔
ان کا کہنا تھا کہ کتاب پاکستانیوں کےقاتل کی نجات کیلئےسیاسی وعسکری قیادت کے تعاون کی شرمناک داستان ہے۔

امریکی جاسوس ریمنڈ ڈیوس نے اپنی نئی کتاب میں پاکستان میں گرفتاری سے لے کر رہائی تک کی سنسنی خیز داستان بیان کی ہے۔
ریمنڈ ڈیوس کے مطابق اسے کوٹ لکھپت جیل سے رہا کرانے میں جان کیری، نواز شریف، آصف زرداری، جنرل پاشا اور حسین حقانی نے مل کر مدد کی۔

ریمنڈ ڈیوس نے اپنی کتاب میں لکھا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کے علاوہ بھی خفیہ ایجنسی کے کئی اہلکار اس کی رہائی کے وقت عدالت میں موجود تھے جب کہ پاکستان سے رہائی کے لئے جنرل پاشا نے جتنی مدد کی شاید ہی کسی نے کی ہو۔

رہائی کے وقت جنرل پاشا لاہور کی سیشن عدالت میں موجود تھے، جنرل پاشا کے ہاتھ میں موبائل فون تھا جس کے ذریعے وہ عدالت کی سماعت سے متعلق امریکی سفیر کیمرون منٹر کو اپ ڈیٹ کررہے تھے۔

کتاب کے متن کے مطابق جان کیری کی نواز شریف سے ملاقات کے بعد رہائی کے راستے ہموار ہونا شروع ہوئے اور رہائی کا عمل مکمل ہونے کے بعد جنرل پاشا کو مدت ملازمت میں توسیع بھی مل گئی تھی۔

ʼThe Contractor: How I Landed in a Pakistani Prison and Ignited a Diplomatic Crisisʼ نامی یادداشت میں امریکی خفیہ ادارے سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے سابق ملازم ریمنڈ ڈیوس نے پاکستان میں اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی تفصیلات بیان کی ہیں۔