خبرنامہ

دوسےتین دن میں ڈالرکی قدرکم ہوجائے گی، وفاقی وزیرفیصل واوڈا

کراچی:(ملت آن لائن) وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہےکہ ملک میں بلیک مارکیٹ موجود ہے جس کو کنٹرول کرنے میں وقت لگے گا اور دو سے تین دن میں ڈالر کی قدر کم ہو جائے گی۔

کراچی میں آئیڈیاز نمائش میں شرکت کے بعد گورنر پنجاب چوہدری سرور، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے میڈیا سے گفتگو کی۔

گورنر سندھ کی گفتگو

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ آئیڈیاز نمائش پر پوری دنیا کی نگاہیں تھیں، آئیڈیاز بہت بڑا ایونٹ تھا جو اچھے طریقے سے مکمل ہوا۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ ہاؤسنگ اسکیم کا اعلان ہوچکا، سکھر میں ڈیٹا جمع کیا جارہا ہے، ہاؤسنگ اسکیم مرحلہ وار کراچی پہنچے گی، وزیراعلیٰ سندھ سے رابطے میں ہوں، سندھ حکومت کے منصوبوں میں ساتھ مل کر چلنے میں کیا برائی ہے، سندھ حکومت اور وفاق منصوبے میں ساتھ چلیں گے تو منصوبےجلد مکمل ہوں گے، وزیراعلیٰ کچھ چیزیں سمجھ نہیں پارہے۔

گورنر سندھ کا وزیراعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایماندار اور دلیر شخص قائداعظم کے بعد اب آیا ہے۔

گورنر پنجاب کی گفتگو

اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ گورنر سندھ کی دعوت پر آئیڈیاز میں شرکت کی، آئیڈیاز نمائش پاکستان کے لیے فخر کی بات ہے، یہ کامیاب ترین نمائش تھی۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھاکہ پاکستان میں 11 لاکھ افراد گندا پانی پینے سے موت کا شکار ہوجاتے ہیں، پاکستان کی تمام جیلوں میں قیدیوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بہت سے قیدی جرمانے کی رقم ادا نہ کرنے کے باعث مزید سزا کاٹ رہےہیں، جن قیدیوں کے جرمانے ایک لاکھ روپے سے کم ہیں وہ ادا کرکے انہیں رہائی دلائیں گے۔

چوہدری سرور نے مزید کہا کہ تاریخ میں یہ پہلی حکومت ہے جس نے خود کو عوام کے سامنے احتساب کے لیے پیش کیا، حکومت کی اولین ترجیح لوٹی ہوئی دولت واپس لانا اور کرپشن کاخاتمہ ہے، جن جن لوگوں کی جائیدادیں ملک سے باہر ہیں، بلاامتیاز وہ جائیدادیں واپس لانے کی کوشش کررہے ہیں۔

فیصل واوڈا کا دعویٰ

اس موقع پر وفاقی وزیر فیصل واووڈا کا کہنا تھا کہ ملک میں بلیک مارکیٹ موجود ہے، جس کو کنٹرول کرنے میں وقت لگے، دو سے تین دن میں ڈالر کی قدر کم ہو جائے گی۔