خبرنامہ

زرداری گروپ کی لین دین سے متعلق میرے والد سے پوچھیں، بلاول بھٹو زرداری

ن لیگ اور

اسلام آباد:(ملت آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قانونی ٹیم نے جعلی بینک اکاؤنٹس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کو اپنے تحریری جواب میں بتایا ہے کہ ان کے موکل کو زرداری گروپ پرائیویٹ لمیٹڈ کی لین دین کے حوالے سے علم نہیں۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے جے آئی ٹی کو دیئے گئے تحریری جواب میں کہا گیا کہ ان کے والد آصف علی زرداری تمام کاروباری معاملات دیکھ رہے تھے۔

اس تمام پیش رفت سے آگاہ ذرائع نے بتایا کہ بلاول نے اپنے جواب میں دعویٰ کیا کہ اگرچہ یہ درست ہے کہ وہ زرداری گروپ پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹرز میں سے ہیں، تاہم انہوں نے کاروباری معاملات میں حصہ نہیں لیا۔ تمام معاملات ان کے والد آصف علی زرداری دیکھتے تھے لہذا جے آئی ٹی کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس سے متعلق اُن سے ہی پوچھ گچھ کرنی چاہیے۔

فاروق ایچ نائیک کی سربراہی میں اپنی قانونی ٹیم کے توسط سے جمع کروائے گئے تحریری جواب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وہ زیادہ تر بیرون ملک مقیم رہے اور 2016 میں پاکستان میں ٹیکس دہندہ بنے، لہذا پانی کا بل، کھانے پینے کے اخراجات، کرایہ اور دیگر لین دین اور کاروباری معاملات ان کے والد دیکھا کرتے تھے، لہذا بہتر یہی ہے کہ اس حوالے سے اُن سے پوچھا جائے۔

ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی، زرداری گروپ لمیٹڈ کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے بلاول بھٹو زرداری سے پوچھ گچھ کرنا چاہتی تھی، تاہم چیئرمین پیپلز پارٹی نے جے آئی ٹی سے درخواست کی تھی کہ تفتیش کاروں کے سامنے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے سے قبل انہیں سوالنامہ دیا جائے، جس پر دو روز قبل انہیں سوالنامہ بھجوایا گیا تھا۔

جس کے بعد گذشتہ روز بلاول بھٹو زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے ان کے توسط سے جے آئی ٹی کو تحریری جواب جمع کروایا۔