اسلام آباد (ملت+آئی این پی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر ملک کی تاریخ کی نئی بلندیوں پر پہنچ گئے ہیں اور 24.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں ، ایک وقت تھا جب زرمبادلہ کے ذخائر صرف چند ہفتوں کے امپورٹ بل کے ادائیگیوں کے برابر رہ گئے تھے ،اب چھ ماہ کے امپورٹ بل کی ادائیگیوں کے برابر پہنچ گئے ہیں ، زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھانے کے لئے بہت محنت کی ہے ، ملکی معیشت مستحکم ہو گئی ہے ، ملک 2013 کی نسبت بہت بہتر حالت میں ہے۔ وہ جمعہ کو اجلاسوں کی صدارت اور امریکہ کے نائب سیکرٹری سے ٹیلی فون پر گفتگو کررہے تھے ۔وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ ملک زرمبادلہ کے ذخائر ملک کی تاریخ کی نئی بلندیوں پر پہنچ گئے ہیں اور 24.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں ۔ وزیر خزانہ نے اس موقع پر وزیر اعظم اور قوم کو اس کامیابی پر مبارک باد پیش کی ہے ۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ زرمبادلہ کے ذخائر صرف چند ہفتوں کے امپورٹ بل کی ادائیگیوں کے لئے رہ گئے تھے اب زرمبادلہ کے ذخائر چھ ماہ کے امپورٹ بل کی ادائیگیوں کے برابر ہو گئے ہیں ۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ سٹیٹ بینک کے پاس 19.5 ارب ڈالر کے ذخائر ہیں جب کہ کمرشل بینکوں کے پاس 5 ارب ڈالر کے ذخائر موجود ہیں ۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھانے کے لئے بہت محنت کی ہے ۔ پاکستان کی حالت گزشتہ تین سال سے بہت بہتر ہے ۔ ملک کی معیشت اب مستحکم ہے اور سرمایہ کار اب پاکستان کو سرمایہ کاری کے لئے منزل قرار دے رہے ہیں ۔ قبل ازیں وزیر خزانہ نے امریکہ کے انڈر سیکرٹری سے ٹیلی فون پر گفتگو کی وزیر خزانہ نے ان کو اپنی مصروفیات کی وجہ سے آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے اجلاسوں میں شرکت نہ کرنے کے حوالے سے آگاہ کیا ۔ امریکہ کی سیکرٹیر نے وزیر خزانہ کو ایوارڈ وصول کرنے پر مبارک باد پیش کی ۔ دریں اثناء وزیر خزانہ اسحق ڈار نے پاکستان کے نجکاری پروگرام کے بارے میں ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں نجکاری کمیشن کے چیئرمین محمد زبیر نے وزیر خزانہ کو نجکاری کے بارے میں کابینہ کمیٹی کی طرف سے کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کی صورتحال کے بارے میں بتایا۔چیئرمین نے وزیر خزانہ کو مختلف شعبوں میں غیرملکی سرمایہ کاروں کی طرف سے ظاہر کی گئی دلچسپی کے بارے میں بھی بتایا۔وزیر خزانہ نے نجکاری کمیشن کے کام کو سراہا اور ہدایت کی کہ نجکاری کا عمل موثر اور شفاف طریقے سے جاری رہنا چاہئے۔