سابق وزیراعظم رخصت، قومی اتحاد سے ہی ملک کو آگے لے جایا جاسکتا ہے: شہباز شریف
اسلام آباد (ملت آن لائن) سبکدوش وزیراعظم محمد شہبازشریف رخصت ہو گئے۔ ایوان وزیراعظم سے رخصتی پر الوداعی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ شہبازشریف نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے شہبازشریف کو ایوان وزیراعظم سے رخصت کیا۔ کابینہ ڈویژن نے شہبازشریف کی سبکدوشی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ ایک ٹویٹ میں شہبازشریف نے لکھا تحریک آزادی کے دنوں کی مشکلات مختلف صورتوں میں 76 سال سے ہمارا پیچھا کر رہی ہیں مگر کتنی بھی بڑی مشکلات ہوں‘ پاکستان نے ہمیشہ ان پر قابو پایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی پر بانی پاکستان قائداعظم اور تحریک آزادی کے ہزاروں گمنام ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ ملک کی کہانی میں قائداعظم کی قائدانہ صلاحیت کا بڑا کردار ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ابھی اپنی اصل منزل کو حاصل کرنا ہے۔ آج کے دن ہم اپنے اتحاد اور بھائی چارے کی تجدید کریں جبکہ اسی اتحاد اور یکجہتی سے ملک کو آگے لے جایا جا سکتا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ جس قوم کا اتحاد جاگ جائے اسے کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ مجھے کوئی شک نہیں کہ پاکستان ترقیوں کی نئی منزلیں طے کرے گا۔ وقت آگیا ہے کہ اب ہم باتوں کوچھوڑ کر عمل کی طرف بڑھیں اور خود کو ان لوگوں میں شامل کر لیں جنہوں نے پاکستان کی کہانی مکمل کی۔ بعدازاں سابق وزیراعظم شہبازشریف اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے شہبازشریف کا استقبال کیا۔وزارت عظمیٰ کے منصب سے سبکدوش ہونے کے بعد شہباز شریف ماڈل ٹاؤن لاہور پہنچے تو انہیں خوشگوار سرپرائز ملا، ماڈل ٹاؤن پہنچنے پر شہباز شریف کے نواسے اور نواسی نے پرتپاک انداز میں استقبال کر کے نانا کو سرپرائز دے دیا۔ سابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے نواسے سے اور نواسی کو یوم آزادی کی مبارکباد دی۔