خبرنامہ

سعودی عرب میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا، حج 11ستمبر،عید الاضحی 12ستمبر کو ہوگی

پاکستان میں ذی الحج کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس(آج ) ہوگا،چاند نظر نہ آنے کا امکان
ریاض/کراچی (آئی این پی ) سعودی عرب میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا،اس طرح اب سعودی عرب میں حج 11ستمبربروز اتوار اورعید الاضحی 12ستمبربروز پیر کو ہوگی،پاکستان میں ذی الحج کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس(آج ) جمعہ کوکراچی میں ہوگا، محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو چاند نظر آنے کے کم امکانات ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا،اس طرح اب سعودی عرب میں حج 11ستمبربروز اتوار اورعید الاضحی 12ستمبربروز پیر کو ہوگی۔ سعودی عرب میں چاند دیکھنے کیلئے سعودی کونسل کا اجلاس کئی گھنٹے سے جاری تھا۔ کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود بھی کسی جگہ سے چاند کی شہادت موصول نہ ہوئی۔پاکستان میں ذی الحج کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس(آج ) جمعہ کوکراچی میں ہوگاجبکہ چاروں زونل آفس میں بھی چاند کی شہادتیں لینے کیلئے میٹنگز ہوں گی جس کے بعد ملک بھر میں عید الاضحیٰ منانے کا اعلان کیا جائے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ 2 ستمبر کو ذی الحج کا چاند نظر آنے کے معمولی امکانات ہیں، چاند کی پیدائش یکم ستمبر کی دوپہر 2 بجے ہوگی جبکہ جمعہ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود اور صاف رہے گا۔عید الاضحیٰ حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی جانب سے اللہ رب العزت کے احکامات کی پیروی کرتے ہوئے دی جانیوالی قربانی کی یاد میں منائی جاتی ہے۔