خبرنامہ

سعودی وزرا کی وزیراعظم سے ملاقات، پاکستانی معیشت میں دل چسپی کا اظہار

ریاض:(ملت آن لائن) وزیراعظم عمران خان سے سعودی وزرا نے ملاقات کی ہے، جس میں مشترکہ سرمایہ کاری کے پروجیکٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا.

تفصیلات کے مطابق سعودی وزرا کے وفد میں وزیر خزانہ احمد الجدان، وزیرتجارت ڈاکٹرماجدالقصبی، وزیر توانائی خالد الفالح اورڈائریکٹرپبلک انویسٹمنٹ شامل تھے. سعودی ڈیویلپمنٹ فنڈ کے چیئرمین احمدالخطیب نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی.

اس موقع پر وزیراعظم نے ملک میں انرجی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری پر بریفنگ دی. وزیراعظم نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کی سہولت کے لئے ون ونڈو آپریشن شروع کررہے ہیں.

انھوں نے کہا کہ پاکستان میں کاروباری طبقے کو کسی قسم کی دقت نہیں ہوگی، کاروباری طبقے کی سہولیات کے لئے خصوصی سیل قائم کیا جا چکا ہے.

اس موقع پر سعودی وزرا نے پاکستانی معیشت میں دل چسپی کا اظہار کیا. سعودی وفد کے دورہ پاکستان میں طے پانے والے معاملات پر بھی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا.

ذرائع کے مطابق سعودی وزیرتوانائی جلد پاکستان کا دورہ کریں گے، اس دورے میں طے شدہ پروجیکٹس کو حتمی شکل دی جائے گی.

واضح رہے کہ آج وزیراعظم عمران خان نے ریاض میں منعقدہ عالمی کانفرنس میں شرکت کی تھی.

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہماری اولین ترجیح برآمدات میں اضافہ ہے، آئی ایم ایف اور دوست ممالک سے مدد کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔