خبرنامہ

سمجھوتہ ایکسپریس بحال ، 138 مسافروں کو لے کر بھارت روانہ

لاہور … بھارتی حکومت نے گذشتہ روز معطل ہونے والی سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین سروس کو بحال کر دیا ، ٹرین 138 مسافروں کو لیکر بھارت کیلئے روانہ ہو گئی ۔ پاک بھارت دوستی بس سروس بھی گیارہ مسافروں کو لے کر واہگہ بارڈر کے راستے نئی دہلی چلی گئی ۔ کسانوں نے احتجاج کا بہانہ بنا کر سمجھوتہ ایکسپریس کو بھارت جانے سے روکا پھر اچانک اجازت دیدی ۔ صبح آٹھ بجے ٹرین کے ذریعے 138 پاکستانی مسافر بھارت کیلئے روانہ ہوئے ۔ اسٹیشن پر لوگوں کی بڑی تعداد اپنے پیاروں کو چھوڑنے کے لئے موجود تھی اس دوران رقت آمیز مناظر بھی دیکھے گئے ۔ مسافروں نے سمجھوتہ ایکسپریس کی بحالی کو خوش آئندہ قرار دیدیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان امن ہونا چاہیے ۔ اسٹیشن پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے کچھ مسافر کلیئرنس نہ ملنے کی وجہ سے بھارت نہ جاسکے ۔ دوسری طرف پاک بھارت دوستی بس سروس کی بس لبرٹی ٹرمینل سے 11 مسافروں کو لے کر براستہ واہگہ صبح 6 بجے روانہ ہوئی ۔ ایک خاتون مسافر کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان پیار برقرار رہنا چاہیے ۔ پاک بھارت بس سروس کو واہگہ بارڈر پر کسٹم اور امیگریشن کے بعد نئی دہلی روانہ کیا گیا ۔ بس کی سراغ رساں کتوں کی مدد سے چیکنگ بھی کی گئی