کراچی:(ملت+اے پی پی) چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ذکاء اللہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نیوی اورمیری ٹائم مل کر پانیوں میں بھارت کی شرارتیں روک رہے ہیں اور اب آئندہ بھارتی آبدوز کو یہاں آنے کی جرات نہیں ہوگی۔ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ذکاء اللہ نے آئیڈیاز2016 کا دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئیڈیاز2016 پاکستان کے لئے قابل فخر ہے، ہماری پراڈکٹ پر بہت سے ملکوں نے دلچسپی ظاہر کی ہے جب کہ بین الااقوامی سطح پر بھی آئیڈیازکو پذیرائی ملی ہے، فورسز کی اولین ترجیح ہے کہ نمائش میں اپنی مصنوعات ہوں۔ ملکی حفاظت کی ذمہ داری ہرصورت پوری کریں گے، پاکستان نیوی اورایم ایس اے سمندری سرحدوں کی بھرپور نگرانی کرتے ہیں، پاکستان نیوی اورمیری ٹائم مل کر پانیوں میں بھارت کی شرارتیں روک رہے ہیں، بھارتی آندوز کا پاکستانی حدود میں آنا غیرمعمولی واقعہ تھا لیکن آیندہ بھارتی آبدوز کو یہاں آنے کی جرات نہیں ہوگی۔ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ذکاء اللہ نے کہا کہ کراچی شپ یارڈ ورکس نے بہت ترقی کی ہے، نیوی انڈسٹریز وزارت دفاع کے تحت چلتی ہے، کراچی شپ یارڈ میں میزائل بوٹس تیار رہی ہیں اور تمام جہتوں میں پاک بحریہ کی مہارت بہترین ہے۔