لاہور:(ملت آن لائن) سپریم کورٹ نے اینٹی کرپشن مقدمات میں وزیراعلیٰ کی اجازت دینے کا اختیار معطل کر دیا۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ڈی جی اینٹی کرپشن حسین اصغر کی درخواست پر سماعت کی۔
ڈی جی اینٹی کرپشن نے عدالت میں کہا کہ بڑے بیورو کریٹس کے خلاف کارروائی کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کی اجازت لازمی ہے اور وزیراعلیٰ اجازت نہ دے تو بڑے بیورو کریٹس کے خلاف مقدمہ درج نہیں کرسکتے۔
عدالت نے اینٹی کرپشن رولز 5، 6 اور 10 کو معطل کردیا اور کہا کہ کسی بهی وزیراعلیٰ سے کرپشن مقدمات میں اجازت لینے کا اختیار غیرآئینی ہے اور سیاسی اجازت لینا تو فوجداری قوانین کی بنیادی روح سے ہی متصادم ہے۔
سپریم کورٹ نے اینٹی کرپشن انکوائریوں سے متعلق لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت مقدمات بهی 2 ہفتوں میں نمٹانے کا حکم دیا۔