کراچی:(ملت+اے پی پی) ڈائریکٹرمیڈیا ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کموڈورطاہرجاوید کا کہنا ہے کہ دفاعی نمائش 22 سے 25 نومبر تک ایکسپوسینٹر کراچی میں منعقد کی جائے گی جس میں 43 ممالک کے 90 وفود شرکت کررہے ہیں جب کہ نمائش میں سی پیک کی افادیت کو بھی اجاگرکرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لئے خصوصی اسٹال قائم کیے گئے ہیں۔ نویں آئیڈیاز 2016 سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈائریکٹرمیڈیا ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کموڈورطاہرجاوید کا کہنا تھا کہ دفاعی نمائش 22 سے 25 نومبر تک ایکسپوسینٹر کراچی میں منعقد کی جائے گی جس میں 43 ممالک کے 90 وفود شرکت کررہے ہیں، مجموعی طور پر 261 غیرملکی اور 157 پاکستانی فرمز شریک ہوں گی جب کہ 34 ممالک کی 418 فرمز نمائش میں اپنی مصنوعات پیش کریں گی۔ طاہرجاوید نے بتایا کہ آئیڈیاز نمائش میں الخالدٹینک ، بیٹل ٹینک، جے ایف 17 تھنڈر طیارے ، سپرمشاق ، کے 18 ائیرکرافٹ اور فاسٹ اٹیک کرافٹ میزائل بوٹس بھی رکھی جارہی ہیں۔ ڈائریکٹرمیڈیا ڈیفنس کا کہنا تھا کہ پاکستان میں منعقد کی جانے والی آئیڈیازنمائش کو دنیا بھر میں بہت پذیرائی ملی ہے جس کی وجہ سے اس بار نمائش میں مدعوکیےگئےفارن ڈیفنس ڈیلی گیشنزکامثبت جواب آیاہے، اس بارایکسپوسینٹرکے8 ہالزمیں نمائش کی جارہی ہے کیوں کہ گزشتہ نمائش کےمقابلے میں 9 ممالک زیادہ شرکت کررہےہیں، ان کا کہنا تھا کہ 2014 میں 2 ایم او یو پر دستخط ہوئے تھے جبکہ اس سال 14 ایم او یوز پردستخط کئے جائیں گے۔ اس موقع پر بریگیڈئیر وحید ممتاز کا کہنا تھا کہ پاکستان آرمی دنیا کی بہترین فوج ہے اور یہ دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اسی لئے دیگر ممالک کی افواج ہمارے تجربے سے فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم دفاعی شعبے میں بہت آگے ہیں نمائش میں اعلیٰ کوالٹی کی مصنوعات رکھی جائیں گی۔