خبرنامہ

شہبازشریف کوآج قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیےلایا جائے گا

اسلام آباد:(ملت آن لائن) قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہبازشریف آج قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو نیب حکام کی جانب سے قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے لایا جائے گا۔

شہبازشریف کو گزشتہ روز لاہور سے اسلام آباد ان کی رہائش گاہ منتقل کیا گیا تھا، نیب حکام نے شہبازشریف کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دے دیا تھا۔

احتساب عدالت میں گزشتہ روز اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو راہداری ریمانڈ کے لیے نیب عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

عدالت نے قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہبازشریف کا 7 روزہ راہداری ریمانڈ دیا تھا۔

یاد رہے کہ آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں گرفتار قائد حزب اختلاف شہبازشریف جسمانی ریمانڈ پر نیب کی حراست میں ہیں۔

نیب لاہور نے 5 اکتوبرکو شہبازشریف کو صاف پانی کیس میں طلب کیا تھا اور ان کی پیشی پر انہیں آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔