خبرنامہ

شہبازشریف کی اس انداز میں گرفتاری پارلیمان کی توہین ہے، خورشید شاہ

(ملت آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں سابق حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی اس انداز میں گرفتاری پارلیمان کی توہین ہے۔

نیب کی جانب سے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں شہباز شریف کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت انتقامی کارروائیوں سے گریز کرے۔

خورشید شاہ نے شہباز شریف کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 100 روزہ پروگرام کی ناکامی پر حکومت ایسے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی اس انداز میں گرفتاری پارلیمان کی توہین ہے۔

سابق وزیر دفاع خرم دستگیر نے کہا کہ شہباز شریف ن لیگ کے صدر ہی نہیں اپوزیشن لیڈر بھی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گرفتاری کا مقصد شہباز شریف کو ڈرا کرمرعوب کرنا ہے لیکن شہباز شریف کی گرفتاری جیسے اوچھے ہتھکنڈے سے اپوزیشن کو مرعوب نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ بہت جلد یہ لوگ خود شہباز شریف کو رہا کرنے پر مجبور ہوں گے، عوام اٹھے گی اور خود انصاف کرے گی۔

مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا شہباز شریف کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کی اجازت کے بغیر اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری خلاف قانون ہے۔

ن لیگ کے مطابق سیاسی مخالفت پر عبرت کا نشان بنانے کی روش پہلے بھی قوم کا نقصان کر چکی ہے۔

مسلم لیگ ن کے مطابق چین اور ترکی سمیت جس کو ساری دنیا نے شاباش دی اور اس کی مثال دی، نیب نے اسے گرفتار کر لیا۔

ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیاسی مخالفین کے خلاف نیب کے استعمال کی بدقسمت تاریخ دہرائی جا رہی ہے۔

ن لیگ کے مطابق شہباز شریف نے اپنی زندگی قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لئے وقف کی لیکن ضمنی الیکشن کے موقع پر گرفتاری سے ثابت ہو گیا کہ حکومت ن لیگ سے کتنی خوفزدہ ہے۔

مسلم لیگ ن کے مطابق آزادانہ غیر جانبدارانہ الیکشن کو مخالفین اپنی سیاسی موت سمجھتے ہیں۔