خبرنامہ

شہبازشریف کی میڈیکل رپورٹ،بلڈکینسرکی علامات ظاہرہونےکاانکشاف،ذرائع

اسلام آباد:(ملت آن لائن) اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف کی میڈیکل رپورٹ میں بلڈکینسرکی علامات ظاہر ہونے کا انکشاف ہوا، ڈاکٹروں نے شہبازشریف کا فوری سی ٹی اسکین کرانے کا مشورہ دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پولی کلینک اسپتال کے 3رکنی بورڈ نے شہبازشریف کا طبی معائنہ کیا، شہبازشریف کے خون کے تجزیہ کی رپورٹ میں بلڈکینسر کی علامات ظاہر ہونے کا انکشاف ہوا، گلے میں تکلیف پر ان کا معائنہ کرایا گیا، جس کے بعد ڈاکٹروں نے شہبازشریف کا فوری سی ٹی اسکین کرانے کا مشورہ دے دیا ہے۔

گذشتہ روز اپوزیشن لیڈرشہبازشریف کو پروازپی کے1852کےذریعے لاہور سے اسلام آباد لایا گیا، ایئرپورٹ سے منسٹرز انکلیو منتقل کیا گیا ،شہبازشریف کو لینے کے لئے نیب راولپنڈی کی 5رکنی ٹیم اسلام آباد ایئرپورٹ پر موجود تھی، نیب ٹیم کی سربراہی ڈپٹی ڈائریکٹرنیب اسد مسعود جنجوعہ کررہے ہیں۔

انتظامیہ نےپہلےہی شہباز شریف کی سرکاری رہائشگاہ سب جیل قرار دےرکھی ہے۔

شہباز شریف کےطبی معائنے کے لئے تین رکنی میڈیکل بورڈ پولی کلینک اسپتال کے ڈاکٹرز پر مشتمل ہے، کنسلٹنٹ فزیشن ڈاکٹر آصف عرفان میڈیکل بورڈ کے سربراہ ہیں، کارڈک فزیشن ڈاکٹر حامد، نیب کے ڈاکٹرامتیاز بورڈ کا حصہ ہیں، خصوصی میڈیکل بورڈ نیب کی درخواست پرتشکیل دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ شہباز شریف کو قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد لایا گیا ہے، گزشتہ اجلاس میں شرکت کے وقت بھی نیب کی درخواست پر میڈیکل بورڈ ترتیب دیا گیا تھا۔

یاد رہے 5 نومبر کو ہونے والے معائنے میں میڈیکل بورڈ نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف کو میڈیکلی فٹ قرار دیا تھا اور میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ نیب کو فراہم کر دیا تھا۔

طبی معائنہ کے بعد شہبازشریف کے بلڈپریشر، ای سی جی اور الٹراساؤنڈ رپورٹس نارمل نکلی تھی۔