خبرنامہ

شہبازشریف کے داماد کے دست راست کا کروڑوں روپے کی کرپشن کا اعتراف

لاہور :(ملت آن لائن) سابق وزیراعلی پنجاب اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کے داماد کے دست راست اکرام نوید نے اختیارات سے تجاوز اور کروڑوں روپے کی کرپشن کا اعتراف کر لیا ہے اور کہا تیرہ کروڑ انیس لاکھ روپے علی عمران کو دیئے۔

تفصیلات کے مطابق نیب نے شہباز شریف کے داماد علی عمران کے دست راست اکرام نوید کی پلی بار گیننگ کی درخواست احتساب عدالت میں جمع کروا دی۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ اکرام نوید نے اختیارات سے تجاوز اور کروڑوں روپے کی کرپشن کا اعتراف کر لیا ہے، ملزم نے کہا کہ پنجاب پاور کمپنی، پی ایچ اے اور ایرا میں 49 کروڑ 92 لاکھ 1ہزار 329 روپے کی کرپشن کی۔

ملزم نے 48 کروڑ میں سے 13 کروڑ 19 لاکھ 37 ہزار 583 علی عمران کو بھی دینے کا اعتراف کیا ہے۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ملزم کی پلی بارگیننگ کی درخواست منظوری کے بعد احتساب عدالت بھجوا دی ہے۔

نیب کا کہنا ہے کہ اکرام نوید نے ارتھ کوئیک ری ہیبلیٹیشن اتھارٹی میں 20 کروڑ 83 لاکھ 43 ہزار 746 روپے، پنجاب پاور ڈویلپمنٹ میں 23 کروڑ 27 لاکھ 86 ہزار 295 روپے، پی ایچ اے میں 3 کروڑ 72 لاکھ 50 ہزار 309 روپے کی کرپشن کا اعتراف کیا ہے۔

نیب کے مطابق ملزم علی عمران کو 13 کروڑ دینے کے ثبوت فراہم کرے گا ورنہ وہ یہ رقم خود ادا کرنے کا پابند ہو گا، اکرام نوید نے تمام رقم واپس دینے کی یقین دہانی کرادی ہے۔

یاد رہے ستمبر میں پنجاب پاور ڈویلمپنٹ کمپنی کیس میں گرفتار سابق سی ایف او اور سابق وزیراعلی کے داماد عمران علی کے مبینہ فرنٹ مین اکرام نوید کی 1 ارب روپے سے زائد کی جائیداد ضبط کر لی گئی تھی۔

خیال رہے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے داماد عمران علی کو متعدد بار طلب کیا گیا تاہم وہ ملک سے فرار ہوگئے، جس کے بعد احتساب عدالت سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے داماد عمران علی کو اشتہاری قرار دے چکی ہے۔

دوسری جانب احتساب عدالت نے شہباز شریف کے داماد عمران علی کی جائیداد قرق کرنے کا حکم بھی دے چکی ہے ، عمران علی پر پاور ڈویلپمنٹ کمپنی سے 131 ملین رشوت لینے کا الزام ہے۔