لاہور (ملت + اے پی پی )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں خیبر پختونخوا کے سابق گورنر اورمسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنماء سردارمہتاب خان عباسی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اورملک کی ترقی اورخوشحالی کیلئے سب نے ملکرکام کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ’’میں ‘‘کی روش نے ملک کا بے پناہ نقصا ن کیا ہے ۔ ملک کو آگے لے جانے کیلئے ’’ہم ‘‘کے راستے پر چلنا ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ہمیشہ رواداری ،شائستگی اور قومی یکجہتی کو فروغ دیا ہے ۔ اربوں روپے کی لاگت سے عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں پر کام ہورہا ہے لیکن بعض سیاسی عناصر پاکستان کی ترقی روکنے کے درپے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے شفافیت کے ساتھ منصوبوں کو مکمل کیا ہے ۔ہم پر کوئی بھی کرپشن کے حوالے سے انگلی نہیں اٹھاسکتا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے عوام کے فلاحی منصوبوں کو شفافیت اورتیز رفتاری سے مکمل کیا ہے اور آج پاکستان ترقی اورخوشحالی کی شاہراہ پر گامزن ہو چکا ہے۔ انشاء اللہ آئندہ 18 ماہ میں عوام کی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے ۔ سردارمہتاب خان عباسی نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے منصوبوں میں شفافیت کا کلچر متعارف کرایا ہے اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا ہے ۔