خبرنامہ

شہباز شریف نے عمران خان کو 26ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا

وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی جانب سے عمران خان کو 26ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیج دیا گیا۔چیئرمین پی ٹی آئی کو 26 ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس وزیر اعلیٰ شہبازشریف کے وکیل سابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب مصطفی رمدے ایڈووکیٹ کے ذریعے بھیجا گیا۔عمران خان کی جانب سے وزیر اعلیٰ شہباز شریف پراربوں روپے کرپشن کے الزامات لگائے گئے تھے،جس میں جاوید صادق کو ان کا فرنٹ مین قرار دیا گیا تھا۔قانونی نوٹس عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک لاہور،بنی گالہ اسلام آباد اور پی ٹی آئی ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کے پتوں پر بھجوایا گیا ہے۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے الزامات بےبنیاد ہیں ،وہ 14 روز کے اندر اپنے الزامات کی معافی اسی طرح مانگیں جس طرح لگائے گئے تھے، ورنہ ان کے خلاف ہتک عزت ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ذرائع کے مطابق قانونی نوٹس کی کاپیاں کارگو سروس کے ذریعے ارسال کی گئی ہیں ۔