خبرنامہ

شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف کی جائیداد ضبط کرنے کا تحریری حکم جاری

لاہور : احتساب عدالت نے سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف کی جائیداد ضبط کرنے کا تحریری حکم جاری کر دیا، جس میں کہا گیا عدالت مجرم کے نام پر ساری پراپرٹی ضبط کرنے کا حکم دیتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد اعظم نے سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف کی جائیداد ضبط کرنے کا تحریری حکم جاری کر دیا۔

تحریری حکم کے مطابق مجرم عمران علی کو 8 ستمبر 2018 کو اشتہاری قرار دیا گیا، اسے 1 ماہ دیا گیا کہ وہ اپنا اعتراض عدالت میں جمع کروا سکے لیکن مجرم کی جانب سے کوئی بھی جواب جمع نہیں کروایا گیا۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ عدالت مجرم کے نام پر ساری پراپرٹی ضبط کرنے کا حکم دیتی ہے، نیب کے مطابق علی سنٹر ،علی ٹاؤن میں کروڑوں روپے مالیت کے دفاتر اور اپارٹمنٹس ہیں۔ علی اینڈ فاطمہ ڈویلپر کے نام پر گلبرگ میں اربوں روپے مالیت کا پلازہ ہے۔

تحریری حکم کے مطابق غوث الاعظم ڈویلپرز کے نام پر بھی کروڑوں روپے کی جائیداد عمران علی کے نام ہے، گلبرگ 3 میں 99/100 A بلاک میں کروڑوں روپے مالیت کا پلاٹ ہے۔ مدینہ فیڈز مل بھی عمران علی یوسف کی ملکیت ہے۔ علی پروسیسڈ فوڈز پرائیویٹ لمیٹڈ بھی وزیر پنجاب کے داماد کی ملکیت ہے۔

عدالتی حکم نامے میں کہا گیا عمران علی یوسف پر پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی سے 13 کروڑ رشوت لینے کا الزام ہے، اسے تحقیقات کے لیے نیب طلب کیا گیا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے، شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف کے وارنِٹ گرفتاری جاری ہوئے تاہم ملزم بیرون ملک فرار ہو چکا ہے۔

یاد رہے گذشتہ روز احتساب عدالت نے شہباز شریف کے داماد عمران علی کی جائیداد قرق کرنے کا حکم دیا تھا۔