خبرنامہ

صدرمملکت عارف علوی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018کا کل افتتاح کریں گے

کراچی:(ملت آن لائن) صدرمملکت عارف علوی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018کا کل افتتاح کریں گے، دفاعی نمائش میں50 سے زائد ممالک کے 262 سے زائد وفود شرکت کررہےہیں، نمائش 27 سے30 نومبر تک کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی 2روزہ دورےپرآج شام کراچی پہنچیں گے ، صدرعارف علوی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018 کا کل افتتاح کریں گے۔

دفاعی نمائش آئیڈیاز2018 کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ، دفاعی نمائش دو ہزار اٹھارہ ستائیس سے تیس نومبر تک کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری رہے گی۔

پاکستان میں تیار ہونے والے دفاعی سازو سامان کی دسویں بین الاقوامی نمائش آئیڈیاز دو ہزاراٹھارہ میں50سے زائد ممالک کے262سے زائد غیر ملکی وفود شرکت کر رہے ہیں ۔

اس مرتبہ نمائش میں اسٹالز لگانے والوں کی تعداد ماضی کی آئیڈیاز سے زیادہ ہوگی، دفاعی نمائش میں522سے زائد کمپنیاں نمائش میں اپنی مصنوعات کو نمایاں کر یں گی، جن کا تعلق دنیا کے 52ملکوں سے ہے، 321غیر ملکی کمپنیاں اور201پاکستانی کمپنیاں شامل ہیں۔

آئیڈیاز دو ہزار اٹھارہ میں مزید ممالک شرکت کر رہے ہیں، جن میں امریکہ،اٹلی،جرمنی،اردن،پولینڈ،روس،جنوبی کوریا،یوکرائن،عرب امارات اور دیگر شامل ہیں۔

ڈائریکٹر کورآڈنیشن ڈیپوبریگیڈیئروحید کے مطابق پاکستان کی ڈیفنس کی برآمد مسلسل بڑھ رہی ہے، برآمد تیس کروڑ ڈالر سے بھی تجاوز کرچکی ہے۔

خیال رہے عالمی سطح کی نمائش کا کراچی میں انعقاد شہریوں کیلئے بھی ایک اعزاز ہے۔

واضح رہے کہ ہر دو سال بعد منعقد ہونے والی اس نمائش کے انعقاد سے پاک فوج کے تینوں شعبہ جات کو اپنی عسکری قوت نمایاں کرنے کا موقع ملتا ہے۔ اس موقع پر ثقافتی پروگرام بھی منعقد کیے جاتے ہیں، حکومت اور نجی اداروں کے درمیان بھی کئی طرح کے معاہدے تشکیل دیئے جاتے ہیں۔