’’میرے عزیز ہم وطنو!
آج ہم اپنا یوم آزادی ایک نئے جوش اور ولولے کے ساتھ منا رہے ہیں اور ہمیں یقین رکھنا چاہئے کہ ہمارا یہ جوش و ولولہ آنے والے دنوں میں ہمارے لیے سیاسی، اقتصادی اور سماجی استحکام کا راستہ ہموار کرے گا۔ گزشتہ چند برسوں سے وطن عزیز کئی آزمائشوں سے دوچار رہا ہے لیکن قوم نے اپنے عزم صمیم سے ان مشکلات کا سامنا کیا۔حکومت پاکستان نے وطن عزیز کے مختلف خطوں،علاقوں اور شہروں کو بدامنی،دہشت گردی اور انتہاپسندی سے پاک کرنے کے لیے بھرپور سیاسی عزم کے ساتھ کارروائی کا فیصلہ کیاجس کے تحت افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے مؤثر کردار ادا کررہے ہیں جس کے نتیجے میں پاکستان میں امن بحال ہو رہا ہے ۔اسی طرح اقتصادی بہتری کے لیے بھی حکومت نے ٹھوس پالیسیاں اختیار کی ہیں جن کے نتیجے میں کاروباری ماحول بہتر ہورہا ہے اور پاکستان میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے بہتر مواقع ہی نہیں پیدا ہورہے بلکہ بیرونی سرمایہ کار بھی تیزی سے پاکستان کا رخ کررہے ہیں ۔یہ تبدیلیاں ہمارے اقتصادی مستقبل کے لیے نیک فال کی حیثیت رکھتی ہیں جن سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان کے لیے نئے امکانات کے دروازے کھل رہے ہیں۔مجھے خوشی ہے کہ جمہوریت کے بارے میں اجتماعی اتفاق رائے کے بھی مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں، انہیں مزید ثمرآور اور مفید بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ہم اصلاح کا عمل اپنی ذات، اپنے گھر، اپنے گروہ، طبقے اور مکتبۂ فکر سے شروع کریں تاکہ ریاستی، حکومتی اور انتظامی سطح پر بروئے کار آنے والی اقدار ہمارے دل و دماغ کا حصہ بن کر حقیقی تبدیلی کا ذریعہ بن جائیں۔
آئیے! اپنے اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کے تحفظ کے لیے یک جان ہو کر بانیانِ پاکستان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے اندھیروں کا خاتمہ کریں اور اجالوں کو اپنا مقدر بنالیں۔
جشن آزادی مبارک
پاکستان پائندہ باد‘‘
***