خبرنامہ

طاہرالقادری کا رائے ونڈ مارچ نہ کرنے کا اعلان

لاہور:(اے پی پی) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ لوگوں کے گھروں پرحملہ کرنا شریف برادران کی روایت ہے لیکن ہم ان کی طرح گھٹیا سطح پرنہیں جائیں گے اور رائے ونڈمارچ نہیں کریں گے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ لوگوں کے گھروں پرحملہ کرنا شریف برادران کی روایت ہے، نوازشریف نے چوٹی زیریں میں فاروق لغاری کے گھر پر دھاوا بولا،ہمارے سیکریٹریٹ اور گھر کے سامنے بے گناہ کارکن شہید کئے گئے، پورے پنجاب میں ہمارےخلاف ریاستی دہشت گردی کی گئی۔ ہماری مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے باتیں کی جارہی ہیں، راولپنڈی مارچ میں شرکاء نے رائیونڈ مارچ کا مشورہ دیا تھا، عوامی سمندر نے رائے ونڈ احتجاج کی حمایت کی۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد کا کہنا تھا کہ ہمارے کارکن دُکھی ہیں،اگر جاتی امراء گئے تو شرپسند فائدہ اٹھائیں گے۔ وہ اپنے کارکنوں کے جذبات کا احترام کرتے ہیں لیکن ہم شریف برادران کی طرح گھٹیا سطح پرنہیں جائیں گے،جمہوری اقدار کے اندر رہ کر احتجاج کریں گے، ہم اپنے کسی بھی سیاسی مخالف کے گھر پر حملہ نہیں کریں گے ، ہم رائے ونڈ مارچ نہیں کریں گے۔ طاہرالقادری نے کہا کہ وفاق اورپنجاب حکومت نے ایک نئی قسم کا سانحہ ماڈل ٹاؤن برپا کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پنجاب میں سرچ آپریشن کے نام پر ہمارے گھروں اور اداروں کے دفاتر کی تلاشی لی جائے گی، اپنے ساتھ غیر قانونی اسلحہ لائیں گے اور ہمارے گھروں سے اس اسلحے کی برآمدگی ظاہر کی جائے گی۔ قائد پاکستان عوامی تحریک نے کہا کہ انہوں نے پوری زندگی اپنی تحریک کو پر امن رکھا ہے، پوری زندگی کبھی کارکنوں کو اسلحہ نہیں دیا، صرف اور صرف ان کے گارڈز کے پاس لائسنس یافتہ اسلحہ ہے۔ تمام کارکن شہید بھی ہوجائیں لیکن جوابی کارروائی نہیں کریں گے۔جب ضرورت پڑی جمہوری حدود میں رہ کراحتجاج کریں گے۔