لاہور: (ملت+اے پی پی) ترک صدر رجب طیب اردوان کی لاہور آمد کا مقصد گریٹر اقبال پارک کا افتتاح کرنا اور وزیر اعظم کی جانب سے شاہی قلعہ میں دیئے جانے والے عشائیے میں شرکت کرنا تھا۔ لاہور آمد پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے ایئر پورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ وزیر اعظم نواز شریف بھی اسلام آباد سے لاہور پہنچے۔ انہوں نے شاہی قلعے میں ترک صدر کا استقبال کیا۔ خاتون اول بیگم کلثوم نواز اور ترک خاتون اول بھی عشائیے میں شریک تھیں۔ گورنر پنجاب، وزیر اعلیٰ پنجاب اور وفاقی و صوبائی وزراء بھی عشائیے میں شریک ہوئے۔ عشائیے کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے ترک صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی حقیقتاً برادر اسلامی ممالک ہیں۔ ترک صدر کے اعزاز میں منعقد کردہ محفل کو فنکاروں کی شاندار کارکردگی نے چار چاند لگا دیئے۔ ترک صدر کے استقبال کے لئے سپیشل بینڈ بھی موجود تھا۔ لاہور کو اپنے مہمان ترک صدر رجب طیب اردوان کے استقبال کیلئے بطور خاص رنگوں اور روشنیوں سے سجایا گیا تھا۔ مال روڈ پر ترک صدر، وزیر اعظم میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ کی تصاویر والے خیر مقدمی بینرز اور رہنماؤں کی بڑی بڑی تصویریں آویزاں کی گئی تھیں۔ رنگ برنگی روشنیوں کے باعث پوری مال روڈ بقعہ نور بنی رہی۔ اس موقع پر لاہور میں سکیورٹی کے بھی نہایت سخت اقدامات کئے گئے تھے اور ترک صدر کی گزرگاہ کے دونوں جانب پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ ترک صدر اپنی اہلیہ کے ہمراہ اسلام آباد سے لاہور پہنچے تھے۔ ترک صدر رجب طیب اردوان کو دورہ لاہور پر شاہی قلعہ میں پرتکلف عشائیہ دیا گیا۔ معزز مہمان کی تواضع پنجابی کھانوں اور دو قسم کے سوپ سے کی گئی۔ ترک صدر کو انار اور موسمی کا جوس پیش کیا گیا۔ جھینگا اور ڈبل روٹی کا سٹارٹر بھی دیا گیا۔ خصوصی مہمان کی مٹن سیخ کباب، ڈولما، مٹن چانپ، مغلئی قورمہ اور مٹن ہریسہ سے تواضع کی گئی۔ نور جہان لاہوری فرائیڈ فش، کھیر اور مختلف قسم کے نان بھی مینیو میں شامل تھے۔