کراچی (ملت + آئی این پی )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پر امن احتجاج ہمارا حق ہے اور عمران خان کی کال پر ہم پورا پاکستان بند کرکے دکھائیں گے اور ضرورت پڑی تو کراچی پھر بند کریں گے۔ ملیر کی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات چیت میں رہنما پاکستان تحریک انصاف فیصل واوڈا نے کہاکہ گزشتہ روز سندھ حکومت نے پورا کراچی بند کردیا، سلام شہدا ریلی میں 8 ہزار پولیس اہلکار تعینات تھے اور کنٹینر لگا کر شہر کے سارے راستے بند کر دیے گئے، اس واقعہ پر کس پر ایف آئی آر کٹے گی، وہاں کوئی قانون لاگو نہیں ہوتا اور ہم جیسوں پر ایف آئی آریں کٹتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چور اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف احتساب ہو کر رہے گا، ہمیں جیلوں میں بند کردیں، ماریں یا دھمکیاں دیں لیکن ہم ان کا احتساب کرکے چھوڑیں گے، پر امن احتجاج ہمارا حق ہے اور عمران خان کی کال پر ہم پورا پاکستان بند کر کے دکھائیں گے اور ضرورت پڑی تو کراچی پھر بند کریں گے، کوئی بھی ہمیں نہیں روک سکتا۔ فیصل واوڈ نے کہا کہ وزیراعظم استعفیٰ دیں یا احتساب کے لیے خود کو پیش کریں، وزیر اعظم ہی اپنے سیکیورٹی اداروں کی خبروں کو میڈیا میں لانے میں ملوث ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ایم کیو ایم ہے جب کہ الطاف حسین را کے لیے اور نوازشریف مودی کے لیے کام کر رہے ہیں۔