خبرنامہ

قرآن کی بیحرمتی پرامریکا کی مذمت؛سعودیہ نے سویڈش سفیر کو طلب کرلیا

قرآن کی بیحرمتی پرامریکا کی مذمت؛سعودیہ نے سویڈش سفیر کو طلب کرلیا

ریاض / واشنگٹن: قرآن پاک کی بے حرمتی پر سعودی عرب نے شدید مذمت کرتے ہوئے احتجاجاً سویڈن کے سفیر کو طلب کرلیا جب کہ امریکا نے بھی سویڈن مقدس کتاب کو جلانے کی اجازت دینے پر سویڈن حکومت کی مذمت کی ہے۔

سعودی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انتہا پسندوں کو قرآن کے نسخوں کو نذر آتش اور بے حرمتی کرنے کی بار بار اجازت دینے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

سعودی وزارت خارجہ نے ایک بار پھر سویڈن کے ناظم الامور کو طلب کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ احتجاجی پیغام ان کے حوالہ کیا جائے گا جس میں سویڈن کی حکومت پر ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔

سعودی وزارت خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سویڈن رواداری اور اعتدال پسندی کے فروغ میں رکاوٹ بننے والے انتہا پسندانہ سوچ کو مسترد کرتے ہوئے آئندہ ایسے مظاہروں کی اجازت نہ دے۔

دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے بھی قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقدس کتابوں اور عبادتوں کی اپنی ایک اہمیت اور مرتبہ ہے جسے تسلیم کرتے ہیں۔

واشنگٹن میں پریس بریفنگ میں میتھیو ملر نے قرآن پاک کی بے حرمتی کو گھناؤنا عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا ہرایک کے مذہب یا عقیدے کی آزادی کے حق میں ہے۔